کیپٹن امریندر سنگھ کی اہلیہ پرنیت کور پارٹی سے معطل
MP Preneet Kaur Suspended from Congress: پٹیالہ سے کانگریس رکن پارلیمنٹ پرنیت کور کو فوری اثر سے پارٹی سے معطل کردیا گیا ہے۔ پرنیت کور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی بیوی ہیں۔ کانگریس پارٹی کی طرف سے جمعہ کے روز کہا گیا کہ پرنیت کور کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔ پارٹی کی تادیبی کارروائی کمیٹی نے پرنیت کور کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرکے تین دن میں یہ بتانے کے لئے کہا گیا ہے کہ انہیں پارٹی سے کیوں نہ معطل کیا جائے۔
تادیبی کارروائی کمیٹی کے رکن اور پارٹی کے جنرل سکریٹری طارق انور کی طرف سے جاری کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر امریندر سنگھ راجہ وڈنگ نے شکایت کی تھی کہ پرنیت کور بی جے پی کی مدد کرنے کے مقصد سے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پارٹی کے کئی دیگر سینئر لیڈران نے بھی ایسی ہی شکایت کی تھی۔
Congress MP (Lok Sabha) from Patiala Preneet Kaur has been suspended from the Party with immediate effect. pic.twitter.com/z8mBZYEicl
— ANI (@ANI) February 3, 2023
کیپٹن امریندر سنگھ بی جے پی میں ہوچکے ہیں شامل
رکن پارلیمنٹ پرنیت کور کو کافی وقت سے کانگریس سے نکالنے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس سے متعلق پارٹی کی میٹنگ میں تجویز بھی منظور ہوچکی تھی۔ کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس چھوڑ دی تھی۔ دراصل، کانگریس نے کیپٹن امریندر سنگھ کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کی کرسی سے ہٹادیا تھا اور ان کی جگہ چرن جیت سنگھ چنی کو وزیر اعلیٰ بنا دیا تھا۔ ناراض امریندر سنگھ نے کانگریس سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پارٹی پنجاب لوک کانگریس بنالی تھی۔ اسمبلی انتخابات میں انہوں نے بی جے پی سے اتحاد کیا، لیکن اسمبلی الیکشن میں انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی۔ جس کے بعد انہوں نے اپنی پارٹی کو بی جے پی ضم کرنے کا اعلان کردیا اور وہ خود بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ہی پرنیت کور کے شوہر اور سابق وزیرا علیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر، کرن رججو، سنیل جھاکھڑ اور پنجاب یونٹ کے سربراہ اشونی شرما کی موجودگی میں بی جے پی کا دامن تھام لیا تھا۔
-بھارت ایکسپریس