Bharat Express DD Free Dish

Parliament Budget Session 2026: پارلیمنٹ میں گونجا منی پور اور نفرت کا مسئلہ، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کے سخت تیوروں سے راجیہ سبھا میں گرما گرمی

پارلیمنٹ کے جاری بجٹ اجلاس کے دوران ایک بار پھر سیاسی ہنگامہ آرائی نے ایوان کی کارروائی کو متاثر کیا۔ لوک سبھا میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باعث وزیر اعظم مودی کا خطاب نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب راجیہ سبھا میں بھی منی پور اور نفرت کے مبینہ پھیلاؤ کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا گیا، جس سے ایوان کا ماحول مزید گرم ہو گیا۔

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے جاری بجٹ اجلاس کے دوران بدھ کے روز ایک بار پھر سیاسی ہنگامہ آرائی نے ایوان کی کارروائی کو متاثر کیا۔ لوک سبھا میں اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باعث وزیر اعظم نریندر مودی کا صدر جمہوریہ کے خطبے پر شکریہ کی تحریک کے جواب میں دیا جانے والا خطاب نہیں ہو سکا اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کارروائی کو کل تک کے لیے ملتوی کر دیا۔ دوسری جانب راجیہ سبھا میں بھی منی پور اور نفرت کے مبینہ پھیلاؤ کا معاملہ زور و شور سے اٹھایا گیا، جس سے ایوان کا ماحول مزید گرم ہو گیا۔

لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔ کچھ ہی دیر میں کئی اپوزیشن ارکان نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے۔ اسپیکر اوم برلا مسلسل کارروائی چلانے کی کوشش کرتے رہے اور اراکین سے اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کرتے رہے، مگر شور شرابا کم نہ ہوا۔ حالات کو دیکھتے ہوئے اسپیکر نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے لوک سبھا کی کارروائی شام پانچ بجے تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس ہنگامے کے باعث وزیر اعظم مودی کا وہ خطاب نہ ہو سکا جس کا سیاسی حلقوں میں خاصا انتظار کیا جا رہا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی کو لوک سبھا میں صدر کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر ہوئی بحث کا جواب دینا تھا اور شام پانچ بجے ان کا خطاب طے تھا، مگر اس سے پہلے ہی ایوان میں حالات بگڑ گئے۔ ادھر راجیہ سبھا میں بھی شونیہ کال کے دوران اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا۔ اس دوران قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے حکمراں جماعت بی جے پی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ملک میں پولرائزیشن کو بڑھاوا دے رہی ہے اور اس کے ایک وزیر اعلیٰ کے بیانات میں ایک خاص طبقے کے خلاف نفرت صاف جھلکتی ہے۔ کھڑگے کے مطابق، جہاں بھی یہ لیڈر جاتے ہیں نفرت انگیز باتیں کرتے ہیں، جس سے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

منی پور کا حوالہ دیتے ہوئے ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس ریاست کا دورہ کرنے میں دو سال لگ گئے، جو حکومت کی ترجیحات پر سوال کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے واسکوڈی گاما کا ذکر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ جب وزیر اعظم اہم سوالوں پر خاموش رہتے ہیں تو ان کے وزرا صرف ان کی تعریفوں کے پل باندھتے رہتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جاری اس ہنگامے کے باعث بجٹ اجلاس کے اہم کام کاج پر اثر پڑ رہا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اجلاس کا قیمتی وقت ضائع ہوتا رہے گا اور عوامی مسائل پر بحث متاثر ہو سکتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read