Bharat Express

Opposition Parties Meeting in Patna: وزیر اعظم مودی کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی اہم میٹنگ کا آغاز، نتیش کمار کی رہائش گاہ پر جمع ہوئے سرکردہ لیڈران

Opposition Parties Meeting Patna: بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ہونے والی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ پر سب کی نظر ہے۔ یہ میٹنگ شام تک چلے گی، جس میں 2024 لوک سبھا الیکشن کے لئے ایجنڈا طے کیا جائے گا۔

وزیراعظم مودی کے خلاف لوک سبھا الیکشن 2024 کے لئے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ کا پٹنہ میں آغاز ہوگیا ہے۔ یہ میٹنگ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی ہے۔ اس دوران تمام سرکردہ جماعتوں کے لیڈران بہاروزیراعلیٰ کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔ راہل گاندھی اور ملیکا ارجن کھڑگے بھی پہنچ گئے ہیں۔ اس کے پہلے باقی اپوزیشن لیڈران بھی پہنچ چکے ہیں۔ وزیراعظم مودی کو 2024 میں کیسے ہرانا ہے، اس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ میٹنگ شام 4 بجے تک چلے گی۔

  یہ میٹنگ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمارکی دعوت پربلائی گئی ہے۔ کئی سینئر لیڈران اس میٹنگ میں بی جے پی کو مرکزی کے اقتدار سے باہر کرنے کے مقصد سے تبادلہ خیال کریں گے اوروزیراعظم مودی کی قیادت والی حکومت کے خلاف ایک مضبوط محاذ کی تشکیل کی حکمت عملی بنائیں گے۔ آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ اس میٹنگ میں کون کون سی جماعتوں کے لیڈران شامل ہو رہے ہیں۔

اس میٹنگ میں 15 اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے لیڈران حصہ لینے والے ہیں۔ کانگریس صدر ملیکا ارجن کھڑگے، پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی، این سی پی کے صدر شرد پوار، مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی، دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان، جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ  ایم کے اسٹالن، سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور یوپی کے سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو، مہاراشٹر کے سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے، جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ، سیتا رام یچوری اور ڈی راجہ وغیرہ شامل ہوں گے۔

کیا ہے اپوزیشن میٹنگ کا ایجنڈا؟

 ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں وزیراعظم امیدوار سے متعلق سوالوں کو درکنار کرکے مشترکہ مقابلے کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اس بات پر بھی سبھی پارٹیاں متفق ہیں کہ پہلا ہدف بی جے پی اور نریندر مودی کو اقتدار سے ہٹانا ہے۔ اسی بات کا اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔ تقریباً 450 سیٹوں پر بی جے پی کے خلاف صرف ایک اپوزیشن امیدوار کھڑا کرنے پر بھی رضا مندی بن سکتی ہے۔ اروند کیجریوال اس میٹنگ میں مرکز کے آرڈیننس کا موضوع اٹھانے والے ہیں جبکہ ممتا بنرجی بھی بنگال میں کانگریس اور لیفٹ کے درمیان تال میل کا موضوع اٹھاسکتی ہے۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read