نئی دہلی : بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی سیشلز کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی کے لیے روانہ ہو گئے۔ دورے کے آخری مرحلے میں انہوں نے پیش پارک میں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سے قبل وزیراعظم نے ارولمیگو نوشکتی ونائگر مندر میں پوجا بھی کی۔
مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت
پیر کے روز وزیراعظم مودی نے وکٹوریہ کے پیس پارک میں مہاتما گاندھی کے مجسمے پر پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر بھارتی برادری کے افراد نے ترنگا لہراتے ہوئے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور “مودی، مودی” اور “بھارت ماتا کی جے” کے نعرے لگائے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:“وکٹوریہ کے پیس پارک میں مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ باپو کے نظریات نسل در نسل لوگوں کو امن، انصاف اور انسانی وقار کی جستجو میں متحد کرتے رہے ہیں۔ ان کے خیالات آج بھی ایک بہتر دنیا کی تعمیر کے لیے ہماری مشترکہ کوششوں کو تحریک دیتے ہیں۔”
نوشکتی ونائگر مندر میں عبادت
اس سے قبل وزیراعظم مودی نے سیشلز کے معروف ہندو مندر ارولمیگو نوشکتی ونائگر مندر میں پوجا کی اور وہاں موجود بھارتی برادری سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے ایکس پر لکھا: وکٹوریہ کے ارولمیگو نوشکتی ونائگر مندر میں عبادت کی، سیشلز کا ایک اہم ہندو مندر ہے۔ بھگوان شری گنیش سب کو قوت اور خوشحالی عطا کریں۔
بھارتی ثقافت کے فروغ کی تعریف
بھارتی برادری سے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم نے سیشلز ہندو کوول سنگم کی خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وہ ارولمیگو نوشکتی ونائگر مندر کی تعمیر اور سیشلز میں بھارتی ثقافت اور روحانی روایات کے فروغ کے لیے تنظیم کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں۔
بھارتی برادری میں جوش و خروش
وزیراعظم کی آمد سے قبل مندر کے باہر جمع بھارتی برادری کے افراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، کیونکہ یہ سیشلز کے 50ویں قومی دن کی تقریبات کے ساتھ ہو رہا ہے۔ایک رکن نے کہا کہ وزیراعظم مودی کی آمد ان کے لیے باعثِ خوشی ہے اور وہ مندر میں ان کی درازیٔ عمر اور بھارت کی خدمت جاری رکھنے کے لیے دعا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ استقبال کے لیے ثقافتی پروگرام بھی ترتیب دیا گیا ہے۔بھارتی نژاد خاتون ششی نے کہا کہ سیشلز کی بھارتی برادری وزیراعظم مودی کے دورے پر بے حد پرجوش ہے اور امید رکھتی ہے کہ اس سے بھارت اور سیشلز کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ایک اور رکن دھن لکشمی نے کہا کہ وہ وزیراعظم کے دورے کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق بھارت اور سیشلز کے مضبوط تعلقات کے پیشِ نظر امید ہے کہ بھارتی حکومت مندر کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں بھی تعاون کرے گی۔
قومی دن کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت
اس دوران سیشلز کے قومی دن کی تقریبات کا آغاز فوجی پریڈ سے ہوا، جس میں وزیراعظم نریندر مودی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں سیشلز کے فوجیوں نے قومی پرچم کے ساتھ طیاروں سے پیراشوٹ کے ذریعے لینڈنگ کی، جبکہ عوام نے ملک کی آزادی کی 50ویں سالگرہ بھرپور جوش و خروش سے منائی۔واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ہفتے کے روز سیشلز کے صدر ڈاکٹر پیٹرک ہرمنی کی دعوت پر سرکاری دورے پر وہاں پہنچے تھے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

