Bharat Express DD Free Dish

NDA will win more than 160 seats: مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کا دعویٰ، کہا-’’این ڈی اے کو 160 سے زائد نشستیں ملیں گی، ہم بہار میں حکومت بنائیں گے‘‘

دلار چند یادو قتل معاملے میں آر جے ڈی لیڈر اننت سنگھ کی گرفتاری کے بارے میں سوال پر امت شاہ نے کہا کہ ’’اننت سنگھ کے خلاف فیصلہ ان کی پارٹی کا ہے لیکن اپوزیشن کو اپنے ’جنگل راج‘ کے ریکارڈ پر پہلے نظر ڈالنی چاہیے۔‘‘

دربھنگہ (بہار): مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو اعتماد ظاہر کیا کہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) آئندہ بہار اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد 160 سے زائد نشستیں جیت کر وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں نئی حکومت تشکیل دے گا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم 160 سے زیادہ سیٹیں جیتیں گے اور بہار میں حکومت بنائیں گے۔ نتیش کمار یہاں کے وزیراعلیٰ ہیں اور نریندر مودی وہاں کے وزیراعظم۔ دونوں عہدے خالی نہیں ہیں۔‘‘

راہل گاندھی اور کھڑگے کے بیانات پرسخت ردعمل

امت شاہ نے انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی پر کیے گئے راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کے ذاتی حملوں کو کانگریس کی مایوسی قرار دیا۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا تھا کہ ’’وزیراعظم ووٹ کے لیے بھرت ناٹیم بھی کر سکتے ہیں‘‘، جبکہ کھڑگے نے مودی کی مہم کا موازنہ ’’شادی کی تقریب‘‘ سے کیا تھا۔ اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا، ’’جب منموہن سنگھ وزیراعظم تھے تو وہ عوام سے جڑ نہیں پاتے تھے۔ کانگریس نے یہ فیشن بنا لیا کہ وزیراعظم کو مہم نہیں چلانی چاہیے۔ آخر کیوں نہیں؟ انتخابات جمہوریت کا جشن ہیں، عوام سے جڑنا ہر رہنما کی ذمہ داری ہے۔‘‘

کانگریس نے ہمیشہ مودی کے خلاف کی زبان درازی

امت شاہ نے کہا کہ ’’ہر بار کانگریس کے رہنماؤں نے مودی جی کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی، چاہے وہ منی شنکر ایئر ہوں یا کوئی اور ہر بار عوام نے بی جے پی کو جتوا کر جواب دیا۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوگا۔‘‘

ووٹر لسٹ کی نظرثانی معمول کا عمل ہے

بہار میں ووٹرز تفصیلی نظرثانی مہم (Special Intensive Revision) کو لے کر اٹھے اعتراضات کے جواب میں امت شاہ نے وضاحت کی کہ یہ محض ایک انتظامی عمل ہے، جسے کئی دہائیوں سے جاری رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’SIR صرف انتخابی ریاستوں میں نہیں ہو رہا، بلکہ یہ 2025، 2026 اور 2027 کے مرحلوں میں چلنے والا معمولی عمل ہے۔ یہ 1955 سے اب تک 11 مرتبہ کیا جا چکا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ 65 لاکھ ناموں کی منسوخی الیکشن کمیشن نے خود کی ہے حکومت نے نہیں۔ ’’یہ کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ ووٹر لسٹ میں صرف 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے شہری شامل ہوں۔ اس فیصلے کا سپریم کورٹ یا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘

ترقی ذات پر نہیں، سماجی شمولیت پر مبنی ہے

اپوزیشن کے اس الزام پر کہ حکومت فلاحی اسکیموں کو انتخابی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ امت شاہ نے کہا کہ این ڈی اے کی پالیسی ذات پر نہیں بلکہ ترقی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’خواتین، نوجوان اور کسان کوئی ذات نہیں ہیں بلکہ سماجی قوت ہیں۔ ہماری اسکیموں سے دلت، پسماندہ، کسان اور غریب مسلمان بھی مستفید ہوئے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مودی حکومت نے غریبوں کی فلاح کے لیے درجنوں اسکیمیں شروع کیں جن سے ملک کے 50 فیصد سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ ملک کے غریبوں کا مستقبل این ڈی اے کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔‘‘

آر جے ڈی لیڈر اننت سنگھ کی گرفتاری پر ردعمل

دلار چند یادو قتل معاملے میں آر جے ڈی لیڈر اننت سنگھ کی گرفتاری کے بارے میں سوال پر امت شاہ نے کہا کہ ’’اننت سنگھ کے خلاف فیصلہ ان کی پارٹی کا ہے لیکن اپوزیشن کو اپنے ’جنگل راج‘ کے ریکارڈ پر پہلے نظر ڈالنی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’لالو یادو کو سزا ہو چکی ہے اور وہ طبی بنیادوں پر رہا ہوئے ہیں۔ پھر بھی راہل گاندھی ان کے ساتھ جلسے کر رہے ہیں اور ہاتھ اٹھا کر نعرے لگا رہے ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read