Bharat Express DD Free Dish

Muslim Gujjar Community meet in Garhi Kalan: گڑھی کلاں میں مسلم گوجر برادری کا اہم اجلاس، سماجی مسائل پر بامعنی مکالمہ

جے این یو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نصیب علی چودھری نے تعلیمی بیداری، جہیز اور منشیات کے مسئلے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہم سب مل کر فضول خرچی اور برائیوں کو ختم کریں تو روشن مستقبل ممکن ہے۔‘‘

ہریانہ کے پانی پت میں واقع گڑھی کلاں میں مسلم گوجر برادری کا ایک بامقصد اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمیونٹی کے متعدد دانشوروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے شعبہ اُردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نصیب علی چودھری نے خصوصی خطاب کیا۔ اجلاس کا مقصد برادری کو درپیش سماجی مسائل پر غور کرنا اور ان کے حل کی راہیں تلاش کرنا تھا۔

سماجی برائیوں پر کھری بات

اپنے خطاب میں ڈاکٹر نصیب علی نے کہا کہ برادری کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ تعلیم کی کمی، جہیز کی لعنت، شادی بیاہ پر بے جا اخراجات اور منشیات کا بڑھتا ہوا رجحان ہیں۔ انھوں نے واضح کیا کہ اگر ہم ان مسائل پر قابو نہ پا سکے تو آنے والی نسلیں مشکلات میں گھر جائیں گی۔

تعلیم کو سب سے بڑی طاقت قرار دیا

ڈاکٹر نصیب علی نے زور دیا کہ تعلیم سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ ہر گھر میں تعلیمی ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انھوں نے والدین سے کہا کہ اپنے دین اور ایمان پر قائم رہتے ہوئے وہ بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں تاکہ برادری کا روشن مستقبل ممکن ہو سکے۔

نوجوانوں کے نام پیغام

اس موقع پر منشیات کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوجوان اپنی توانائی مثبت سرگرمیوں میں صرف کریں۔ ڈاکٹر نصیب علی نے کہا کہ ’’منشیات ایک ایسا زہر ہے جو نوجوانوں کے خواب اور صلاحیت کو تباہ کر دیتا ہے، اس سے دور رہنا ہر نوجوان کی ذمہ داری ہے۔‘‘

اجتماعی کوشش ہی کامیابی کی کنجی

اپنے خطاب کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ اگر ہم سب مل کراپنے دین اور ایمان پر مستحکم رہ کرجہیز اور فضول خرچی جیسی برائیوں کا خاتمہ کریں تو ایک مضبوط اور باشعور معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں شرکا نے بھی عہد کیا کہ وہ سماجی اصلاح کی اس مہم میں بھرپور ساتھ دیں گے۔ گڑھی کلاں میں ہوئی اس شروعات کو مثبت تبدیلی کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف مسلم گوجر برادری بلکہ پورے معاشرے کو سبق ملتا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read