جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ۔ (فائل فوٹو)
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی کو وہاں کے لوگوں کی حمایت کے بغیر ختم نہیں کیا جا سکتا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت مرکزی وزارت داخلہ کو تعاون فراہم کر رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکیورٹی کی صورت حال پرامن رہے۔
اسمبلی کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کٹھوعہ ضلع کے ہیرا نگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد کے قریب سانیال میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’اگرچہ یہ (سیکیورٹی) براہ راست ہماری ذمہ داری نہیں ہے، لیکن میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ عوام کی حمایت کے بغیر عسکریت پسندی ختم نہیں ہو سکتی۔ منتخب حکومت حالات کو قابو میں رکھنے اور امن برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور لیفٹیننٹ گورنر کی مدد کر رہی ہے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’اس طرح کی چیزیں ماضی میں بھی ہو چکی ہیں اور جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے، دہشت گردوں کے ساتھ کوئی رابطہ قائم نہیں کیا گیا۔ مشتبہ نقل و حرکت کی بنیاد پر شروع کی گئی تلاشی اور محاصرے کی کارروائی جاری ہے۔ دیکھیے آگے کیا ہوتا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ یہ آپریشن ایک سرحدی گاؤں میں ہو رہا ہے اور ہو سکتا ہے کہ وہ سرحد پار سے آئے ہوں۔ اس بارے میں فوری طور پر کوئی بیان دینا قبل از وقت ہوگا۔
دہشت گردوں کے ذریعہ کٹھوعہ اور بلور کو بار بار نشانہ بنائے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں بیلٹ کے بہت سے علاقوں میں پچھلے دو سالوں میں کئی دہشت گردانہ سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں، جیسا کہ راجوری اور پونچھ میں بھی ایسے واقعات ہوئے۔ ان کی کوشش بس امن و امان کی صورت حال کو نقصان پہنچانا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

