Bharat Express DD Free Dish

Jamiat Ahle Hadith on Terrorism: مولانا اصغرعلی امام مہدی نے اسلام کو بدنام کرنے والوں کو دیا جواب، کشمیری مسلمانوں کی ستائش

مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیراورآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدرمولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے بھارت ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ ہم نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی فتویٰ دیا تھا۔ اسلام اور مسلمانوں سے دہشت گردی کو جوڑنا بہت بے حیائی کی بات ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مذہب اسلام کو بدنام نہیں کیا جانا چاہئے۔

نئی دہلی: مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیراورآل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدرمولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے کہا کہ دنیا میں سب سے بدترین کام قتل اورخونریزی ہے۔ کسی بھی نا حق کا قتل کرنا سب سے بڑا جرم ہے۔ بھارت ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں مولانا اصغرعلی امام مہدی نے کہا کہ ایک بے قصورانسان کا قتل کرنے والا پوری انسانیت کا قاتل ہے۔ بدقسمتی سے دنیا میں دہشت  گردی کا ایک طوفان کھڑا ہوا، لیکن مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف آوازاٹھائی۔ جمعیت اہلحدیث نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف اجتماعی فتویٰ دیا۔ اسلام اورمسلمانوں کی طرف ایسی باتوں کو جوڑنا بہت بے حیائی اورغلط بات ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ مذہب اسلام کو بدنام نہیں کیا جانا چاہئے۔

مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے میں سب سے زیادہ گھناؤنا عمل یہ تھا کہ دہشت گردوں نے لوگوں سے مذہب پوچھ کرقتل کیا۔ وہ بھی ایسی جگہ پرجہاں لوگ سیروتفریح کرنے جاتے ہیں، وہاں بے قصورلوگوں پراس طرح کا ظلم کیا جانا لائق مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ایک طرف مذہب کا نام پوچھ کربے قصورلوگوں کا قتل کیا گیا تووہیں دوسری طرف اس سانحہ کے بعد کشمیری مسلمانوں نے جس طرح سے لوگوں کی مدد کی، دہشت گردی کے خلاف آوازاٹھائی اورانہوں نے مساجد سے لے کرسڑک تک احتجاج کیا، ان کی کوششوں کوپوری دنیا نے دیکھا بھی ہے۔ اس لئے میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ دہشت گردوں کا یہ گروپ اسلام اورمسلمانوں کو بدنام کرنے کا کوئی گروپ ہے، ان کے بارے میں میں نہیں جانتا، لیکن یہ ضرور ہے کہ اس طرح کی حرکتیں کرنے والے مسلمان تو دور کی بات، وہ انسان بھی نہیں ہوسکتے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیرمولانا اصغرعلی امام مہدی نے بتایا کہ ہم نے سب سے پہلے دہشت گردی کے خلاف اجتماع اورکانفرنس کیا، جس میں اس وقت کے وزیرداخلہ شیوراج پاٹل نے بھی شرکت کی تھی۔ پورے ہندوستان کے لوگوں نے اس میں شرکت کی، تب کہا گیا کہ اس معاملے میں ہمیں صفائی دینے کی ضرورت نہیں ہے، تب میں نے کہا تھا کہ یہ صفائی نہیں ہے بلکہ اسے واضح کرنا ہمارا فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کوئی آج کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ مسئلہ کافی پرانا مسئلہ ہے، جب آئی ایس آئی ایس (داعش) کامعاملہ سرخیوں میں تھا، تب ہم نے اس کی کھل کرمذمت کی۔ ااس وقت بھی مسلم تنظیموں نے اس معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں کی۔ سبھی تنظیموں نے دہشت گردی کی مخالفت کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔