نئی دہلی :مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے پچور شہر میں واقع ایک بھارت پیٹرول پمپ پر پیر کی رات اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ج بکہ 12 موٹر سائیکلیں اور ایک پٹرول ٹینکر جل کر راکھ ہو گئے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں میں شدید افرا تفری مچ گئی۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے، تاہم آگ لگنے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔
یہ حادثہ پیر کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا، جب پچور شہر کے درمیان واقع “چنّو لال-منّو لال بھارت پٹرول پمپ” پر گاڑیوں کی لمبی قطار لگی ہوئی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ایک موٹر سائیکل سوار پٹرول ڈلوا کر پمپ سے باہر نکل ہی رہا تھا کہ اچانک اس کی بائیک میں آگ لگ گئی۔ گھبراہٹ میں وہ موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلا، جب کہ آگ میں گھری بائیک لڑھکتی ہوئی قریب کھڑے پیٹرول ٹینکر تک جا پہنچی۔ٹینکر کے قریب پہنچتے ہی آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے پورے پیٹرول پمپ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چند ہی لمحوں میں وہاں کھڑی کئی موٹر سائیکلیں جلنے لگیں اور پورا علاقہ دھوئیں اور آگ کے شعلوں سے بھر گیا۔ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر اُدھر بھاگنے لگے، جبکہ کئی افراد نے اپنی گاڑیاں ہٹانے کی کوشش بھی کی، لیکن آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔
حادثے کے فوراً بعد پٹرول پمپ کے ملازمین نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائر سیفٹی آلات کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش شروع کر دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جا سکا، ورنہ نقصان اس سے کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔اس حادثے میں پرانی پچور کے رہنے والے بلرام گجر شدید طور پر جھلس گئے ہیں، جب کہ دیگر 11 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو پچور، شاجاپور اور نجی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک شدید زخمی شخص کو بہتر علاج کے لیے اندور ریفر کیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے اور یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آخر آگ کس وجہ سے لگی۔ اس دل دہلا دینے والے حادثے کے بعد پورے پچور شہر میں خوف اور بے چینی کا ماحول دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


