Bharat Express

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے وفد نے نوح کا کیا دورہ،متاثرین کے درمیان نقد اور خوردنی اشیاء کی تقسیم

قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر متعدد غیر مسلم بھائیوں نے کھل کر مسلمانوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان حالات میں بھی انہوں نے ہی ہماری ہر طرح سے مدد کی۔ اقلیت میں ہونے کے باوجود ہمیں کسی طرح کے خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس تک نہ ہونے دیا اور دیرینہ بھائی چارے کو برقرار رکھا۔

ٖمرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے امیر  مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کے زیر قیادت مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد ہارون سنابلی، صوبائی جمعیت اہلحدیث ہریانہ کے امیر ڈاکٹر عیسیٰ خان انیس جامعی، ناظم مولانا عبدالرحمن سلفی ، کارکن مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندمولانا عباس عمیم فیضی ودیگر ملی و سماجی اور جماعتی شخصیات پر مشتمل مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے ایک اعلیٰ سطحی راحتی وفد نے ہریانہ کے نوح و دیگر متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور بلا تفریق مذہب ومسلک متاثرین سے ملاقات کر کے ان کی اشک شوئی کی اور ان کے درمیان نقد اور خوردنی اشیاء تقسیم کیں ۔

اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر  نے عوام و خواص سے آپسی میل جول،بھائی چارہ اور امن وشانتی کے ساتھ رہنے کی تلقین کی اور اہل ہریانہ کے بلاتفریق مذہب روایتی بھائی چارہ اور میل ملاپ کی ستائش کی اور کہا کہ ۱۹۴۷ء میں بھی یہاں کے لوگ امن وشانتی کے ساتھ رہے ۔ اس موقع پر بھی عموما ہندو اور مسلمان خواہ اقلیت میں ہوں یا اکثریت میں امن وشانتی کے ساتھ رہے، سوائے چند مقامات کے جہاں افواہوں کی وجہ سے تکلیف دہ واقعات رونما ہوئے۔ بلاشبہ امن وشانتی کے ساتھ رہنے ہی میں ملک وملت اور انسانیت کی ترقی اور بھلائی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر متعدد غیر مسلم بھائیوں نے کھل کر مسلمانوں کی تعریف کی اور کہا کہ ان حالات میں بھی انہوں نے ہی ہماری ہر طرح سے مدد کی۔ اقلیت میں ہونے کے باوجود ہمیں کسی طرح کے خوف و ہراس اور عدم تحفظ کا احساس تک نہ ہونے دیا اور دیرینہ بھائی چارے کو برقرار رکھا۔

پریس ریلیز کے مطابق مرکزی اعلیٰ سطحی وفد نے نوح کے علاوہ جن دیگر مقامات کا دورہ کیا ان میں نلہڑ، میولی، گونڈباس، فیروز پور نمک، نصیر باغ، بڑکلی، جلال پور، فیروز پور جھرکا وغیرہ قابل ذکر ہیں۔وفد نے ڈور ٹو ڈور بعض غیر مسلم بھائیوں کی بھی بطور خاص مزاج پرسی کی اور ان کی باتوں سے خوش گوار اندازہ ہوا کہ غیر مسلم بھائیوں کے اندر مسلمانوں کے تئیں کسی طرح کا اندیشہ نہیں ہے اور وہ دیرینہ اخوت و بھائی چارہ کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔اس موقع صوبائی جمعیت اہل حدیث ہریانہ کے نائب امیر مولانا محمد داؤد سلفی، نائب نظماء مولانا محمد خورشید محمدی، مولانا محمد اکبر سلفی، الحاج شہاب الدین شکراوہ، الحاج عبدالرشید شکراوہ، بشیر بیندی وغیرہ بھی موجود رہے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر  کی ہدایت پر صوبائی جمعیت اہل حدیث ہریانہ کے ناظم مولانا عبدالرحمن سلفی کی قیادت میں نائب ناظم مولانا خورشید محمدی اور دیگر رضاکاروں نے فساد کے نتیجے میں بے گھر ہوئے غریبوں، مزدوروں اور بے سہارا لوگوں کی بلا تفریق مذہب ہر ممکن مدد کی اور ان کو دلاسہ دیا۔

بھارت ایکسپریس۔