Bharat Express DD Free Dish

Women’s Reservation Bill: خواتین ریزرویشن کی مخالفت کا سوال ہی نہیں، وزیر اعظم مودی کے خطاب پر ممتا بنرجی کا سخت ردعمل، کہا یہ انتہائی افسوسناک

ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ ترنمول کانگریس دہائیوں سے خواتین کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، لیکن وہ ایسے معاملات پر کسی سے لیکچر سننے کو تیار نہیں جنہیں حکمراں جماعت نہ سمجھتی ہے اور نہ ہی ان کا احترام کرتی ہے۔

نئی دہلی : خواتین ریزرویشن بل پارلیمنٹ میں منظور نہ ہونے کے بعد سیاسی بیان بازی تیز ہو گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کے بعد ممتا بنرجی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے “انتہائی افسوسناک” قرار دیا۔ ترنمول کانگریس  کی سربراہ اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم  مودی نے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے بجائے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ممتا بنرجی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ترنمول کانگریس ہمیشہ خواتین کی سیاسی نمائندگی کی حامی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی کے معاملے میں ان کی پارٹی سب سے آگے ہے۔ ان کے مطابق لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے 37.9 فیصد منتخب اراکین خواتین ہیں، جبکہ راجیہ سبھا میں پارٹی نے 46 فیصد خواتین اراکین کو نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ریزرویشن کی مخالفت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور نہ ہی ان کی پارٹی نے کبھی اس کی مخالفت کی ہے۔

ممتا بنرجی نے حلقہ بندی (پریسیمنٹ) کے عمل پر بھی سخت اعتراض کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اپنے سیاسی مفادات کو پورا کرنے کے لیے خواتین کو ڈھال بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین میں تبدیلی، سیاسی حدود میں چھیڑ چھاڑ اور بعض ریاستوں کو فائدہ پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کرے گی۔ ان کے مطابق یہ وفاقی جمہوریت پر حملہ ہے اور اسے کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ مغربی بنگال نے مرکزی حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت واقعی خواتین کے حقوق کے لیے سنجیدہ تھی تو 28 ستمبر 2023 کو خواتین ریزرویشن بل پاس ہونے کے بعد تقریباً تین سال تک انتظار کیوں کیا گیا؟ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ جب مختلف ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں تو اس بل کو جلد بازی میں کیوں لایا گیا اور اسے حلقہ بندی کے عمل سے کیوں جوڑا گیا؟

ممتا بنرجی نے مزید کہا کہ ترنمول کانگریس دہائیوں سے خواتین کے حقوق کے لیے کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی، لیکن وہ ایسے معاملات پر کسی سے لیکچر سننے کو تیار نہیں جنہیں حکمراں جماعت نہ سمجھتی ہے اور نہ ہی ان کا احترام کرتی ہے۔اپنے بیان کے آخر میں ممتا بنرجی نے وزیر اعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ جب بھی وہ قوم سے خطاب کریں تو پارلیمنٹ کے اندر ایسا کرنے کا حوصلہ دکھائیں، جہاں ان سے سوال پوچھے جا سکتے ہیں اور جوابدہی ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کے حالیہ خطاب کو “بزدلانہ، منافقانہ اور دوہرا رویہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اقتدار ان کے ہاتھوں سے پھسل رہا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read