مرکزی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی کو 30 جون کی دوپہر سے اگلے آرمی چیف کے طور پر مقرر کیا ہے۔ موجودہ آرمی چیف جنرل منوج سی پانڈے 30 جون کو عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ پرم وششٹ سیوا میڈل (PVSM) اور اتی وششٹ سیوا میڈل (AVSM) سے نوازے جاچکے لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے جموں و کشمیر میں طویل عرصے تک خدمات انجام دیں ہیں ۔
حکومت نے 25 مئی کو انتخابات کے چھٹے مرحلے کے بعد 26 مئی کو آرمی چیف جنرل منوج پانڈے کو ایک ماہ کی توسیع دی تھی۔ اس وجہ سے وہ 30 جون تک اس عہدے پر برقرار رہیں گے۔ اس سے قبل وہ 31 مئی کو ریٹائر ہونے والے تھے۔ وزارت دفاع نے کہا کہ یہ سروس توسیع آرمی رولز 1954 کے رول 16A (4) کے تحت دی گئی ہے۔یکم جولائی 1964 کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل اوپیندر دویدی نے 15 دسمبر 1984 کو انڈین آرمی کی انفنٹری (جموں و کشمیر رائفلز) میں کمیشن حاصل کیا۔ تقریباً 40 سال کی اپنی طویل اور ممتاز خدمات کے دوران انہوں نے مختلف کمانڈ، اسٹاف، ٹریننگ اور بیرون ملک تقرریوں میں خدمات انجام دیں۔ لیفٹیننٹ دویدی کی کمانڈ تقرریوں میں رجمنٹ کی کمانڈ (18 جموں و کشمیر رائفلز)، بریگیڈ (26 سیکٹر آسام رائفلز)، ڈی آئی جی، آسام رائفلز (ایسٹ) اور 9 کور شامل ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر، وہ 2022 سے 2024 تک ڈائریکٹر جنرل انفنٹری اور جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف ((HQ ناردرن کمانڈ سمیت اہم تقرریاں حاصل کر چکے ہیں، اس سے پہلے وہ وائس چیف آف آرمی سٹاف کے عہدے پر تعینات تھے۔سینک اسکول ریوا، نیشنل ڈیفنس کالج اور یو ایس آرمی وار کالج کے سابق طالب علم، لیفٹیننٹ دویدی نے ڈی ایس ایس سی ویلنگٹن اور آرمی وار کالج (مہو) میں بھی کورسز کیے ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں USAWC، Carlisle، USA میں NDC کے مساوی کورس میں ‘ممتاز فیلو’ سے نوازا گیا تھا۔ان کے پاس دفاعی اور انتظامی علوم میں ایم فل اور اسٹریٹجک اسٹڈیز اور ملٹری سائنس میں دو ماسٹر ڈگریاں ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔