بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم خالدہ ضیا کا 30 دسمبر 2025 کی صبح انتقال ہو گیا، جس سے بنگلہ دیش کی سیاست میں ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا۔ ان کے انتقال پر بھارت سمیت خطے بھر میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم مودی نے خالدہ ضیا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جانے سے جو خلا پیدا ہوا ہے، اسے پُر نہیں کیا جا سکتا، تاہم ان کا وژن اور سیاسی وراثت ہمیشہ زندہ رہے گی۔ خالدہ ضیا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے بھارت کی جانب سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر بنگلہ دیش پہنچے۔ انہوں نے خالدہ ضیا کے صاحبزادے اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے قائم مقام صدر طارق رحمان سے ملاقات کی اور وزیر اعظم مودی کا تعزیتی پیغام ان کے حوالے کیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق، اپنے خط میں وزیر اعظم مودی نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ان کے سیاسی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ”مجھے یقین ہے کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی آپ کی باصلاحیت قیادت میں ان کے نظریات کو آگے بڑھائے گی اور ایک نئی شروعات کے ساتھ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان گہری اور تاریخی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنے گی“۔ انہوں نے کہا کہ خالدہ ضیاء کا وژن نہ صرف بنگلہ دیش کی سیاست بلکہ پورے خطے کے لیے ایک رہنما اصول کی حیثیت رکھتا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی نے بنگلہ دیش کے عوام سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے لوگوں نے اپنی تاریخ میں غیر معمولی حوصلہ، وقار اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے لکھا، “مجھے پورا یقین ہے کہ بنگلہ دیش کے عوام امن، ہم آہنگی، مشترکہ اقدار، جمہوری روایات اور قومی اتحاد کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے“۔
وزیر اعظم مودی نے خالدہ ضیاء سے 2015 میں ہونے والی اپنی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر معمولی عزم اور اعتماد کی حامل لیڈر تھیں اور انہیں بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیر اعظم ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ انہوں نے کہا کہ خالدہ ضیاء نے نہ صرف بنگلہ دیش کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا بلکہ بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ وزیر اعظم مودی نے طارق رحمان اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ خدا انہیں اس کٹھن وقت میں صبر اور حوصلہ عطا کرے۔ خالدہ ضیاء کو 31 دسمبر کو ان کے شوہر اور سابق صدر ضیاء الرحمٰن کی قبر کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔ آخری دیدار کے لیے ہزاروں افراد جمع ہوئے، جو اس بات کی گواہی ہے کہ ان کا سیاسی اور عوامی اثر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


