کیرالہ کے ضلع وائناڈ میں کلّاڈی سرنگ کی تعمیر کے مقام پر منگل کے روز شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کم از کم تین افراد ہلاک، نو زخمی اور سات لاپتہ ہوگئے۔ حادثے کے بعد پولیس، این ڈی آر ایف اور دیگر امدادی اداروں نے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ ریاستی حکومت صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق میپاڈی گرام پنچایت کے کلّاڈی-انکم پوئل سرنگ منصوبے کے قریب میناکشی پل کے نزدیک اچانک لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ملبے کی زد میں آگئے۔
ریسکیو آپریشن جاری، سرچ ڈاگز کی بھی مدد
حادثے میں زخمی ہونے والے نو افراد کو میپاڈی وِمز (WIMS) اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ سات لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ متاثرین میں تعمیراتی مزدور، سکیورٹی اہلکار اور نگران عملہ شامل ہیں۔ کیرالہ پولیس نے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ ڈاگز بھی تعینات کیے ہیں۔ ضلعی حکام کے مطابق شدید بارش کے پیش نظر انتظامیہ نے پہلے ہی سرنگ کی تعمیر کا کام معطل کرنے کی ہدایت جاری کر دی تھی۔ اب ملبہ ہٹانے کے بعد محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کو میناکشی پل کی مضبوطی کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حادثے سے محفوظ رہنے والے شخص نے بتایا کہ صبح تقریباً 11 بجے اچانک مٹی کا ایک بڑا تودہ نیچے آ گرا۔ ایک اور عینی شاہد اجمل کے مطابق پہلے معمولی آواز سنائی دی، لیکن چند لمحوں بعد پوری پہاڑی سرک گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ٹینکر بھی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر بہہ گیا اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریاستی و مرکزی حکومت کی نظر
مرکزی وزیر مملکت سریش گوپی نے کہا کہ فی الحال صورت حال ریاستی حکومت کے کنٹرول میں ہے اور اگر اضافی نفری یا تکنیکی مدد کی ضرورت پڑی تو مرکز ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ ریاستی چیف سکریٹری بشوناتھ سنہا نے کہا کہ نقصانات کا مکمل اندازہ لگانے کے بعد ضرورت پڑنے پر مرکزی امداد حاصل کی جائے گی۔
پرینکا گاندھی کا حادثے پر دکھ کا اظہار
لینڈ سلائیڈنگ حادثے پر کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے کارکنوں سے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اس افسوسناک سانحے میں اپنے عزیزوں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں وہ برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
یو ڈی ایف کارکنوں سے ہر ممکن مدد کی اپیل
انہوں نے بتایا کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے پولیس، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ وزراء کے ساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ پرینکا گاندھی نے یو ڈی ایف کے کارکنوں، عہدیداروں اور عام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں تاکہ امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


