نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کا مرکزی تعلیمی بورڈ برابرنصابی کتب کی تیاری میں لگا ہوا ہے۔ اس نے خاص طور پر ابتدائی درجات کے لیے کئی مضامین کی کتابیں تیارکی ہیں۔ اسکولوں میں پڑھانے کے لیے اردو زبان میں اسلامیات کی پانچ کتابیں (برائے نرسری، لورکے جی، اپرکے جی، فرسٹ، سیکنڈ) اورصباحی و مسائی مکاتب میں بچوں کی تعلیم کے لیے اردو زبان میں اسلامیات برائے جزوقتی مکاتب کے چار حصے طبع کیے گئے ہیں۔ اسی طرح بورڈ کی جانب سے انگریزی زبان میں بھی نصابی کتابیں تیارکی جا رہی ہیں۔
آج مرکز جماعت کے میڈیا ہال میں مرکزی تعلیمی بورڈ کی تیار کردہ انگریزی زبان کی چند کتابوں کا اجرا ہوا :ان میں سے ایک کتاب ہے’’ Islamic Studies‘‘ ۔ اس کتاب کے تین حصے ہیں’’ Nursery، Lower KG اور Upper KG ‘‘ اسے محترمہ حنا فرحان صاحبہ (بھوپال) نے تیار کیا ہے۔ دوسری کتاب ہے ’’English for LKG ‘‘۔ اسے دو حصوں میں تیار کیا گیا ہے ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے ۔ تیسری کتاب ہے ’’Math’s for Nursery ‘‘۔ اس کے دو حصے ہیں ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے ۔ چوتھی ہے ’’ EVS for Nursery ‘‘۔ اس کے بھی دو حصے طبع کیے گئے ہیں ، دو سمسٹر میں پڑھانے کے لیے۔
انگریزی ، میتھ اور EVS کی کتابوں کی بھی رسم اجرا ہوئی۔ ان کتابوں کو ڈاکٹر اُنیسہ زینب (بنگلور) نے تیار کیا ہے۔ بعد میں ایک کمیٹی کے ذریعے ان کتابوں کا ریویو کرواکے ان کی طباعت کی گئی ہے۔
بورڈ کی سرگرمیوں کا لیا گیا جائزہ
پروگرام کا آغاز قاری عبد المنان کی تلاوت سے ہوا۔ اس کے بعد مولانا انعام اللہ فلاحی نے بورڈ کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا۔ انھوں نے بتایا کہ مرکزی تعلیمی بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ اس کی تیارکردہ سابقہ کتابوں پرنظرثانی ہوتی رہے۔ مرکزی تعلیمی پالیسی کے مطابق انھیں اپ ڈیٹ کیا جائے، ساتھ ہی نئی کتابیں بھی تیارکی جائیں۔ اسی کے تحت آج چارکتابوں کا اجرا کیا جارہا ہے۔ پروگرام میں اسلامک اسٹڈیزکی کتاب کی مصنفہ حنا فرحان موجود تھیں۔ انھوں نے کتاب کی خصوصیات پر روشنی ڈالی۔
مسلمان فکری اور تہذیبی یلغارکی زد میں: سعادت اللہ حسینی
سید سعادت اللہ حسینی، امیر جماعت اسلامی ہند نے آخرمیں صدارتی کلمات پیش کئے۔ انھوں نے کہا کہ آج کل مسلمان تہذیبی اورفکری یلغار کی زد میں ہیں۔ ایک طرف مغربی تہذیب کی یلغارہے تو دوسری طرف اپنے ملک میں مشرکانہ تہذیب اور افکار کا حملہ ہے ۔ یہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ اس صورت حال میں بچوں میں دین اورعقیدہ کو راسخ کرنا اوراچھے برے کو پہچاننے کی صلاحیت پیدا کرنا موجودہ دورکی شدید ضرورت ہے۔ اجرا کی تقریب میں محمد سلیم انجینئر، نائب امیرجماعت، سلیم اللہ خاں امیرحلقہ دہلی، شفیع مدنی سکریٹری جماعت، ڈاکٹرمحمد رضی الاسلام ندوی سکریٹری شریعہ کونسل، رمیس ای کے مینیجر، ارشاداحمد، سابق انچارج اورعبد الرحمن فلاحی، ایڈیٹوریل انچارج مرکزی مکتبہ اسلامی پبلشرز اورکئی اسکولوں کے ذمے داروں کے علاوہ عام لوگوں نے شرکت کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

