نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے دہلی میں جاری احتجاجی مظاہروں اور اپوزیشن لیڈروں کی حراست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔ میڈیا کے لیے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے خواہ کسی بھی پارٹی کے ہوں، بہرحال عوام کے نمائندے ہیں اور جمہوریت میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔ ایک مؤثر اپوزیشن کے بغیر جمہوریت بے معنی ہوکر رہ جاتی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور ان کے ساتھ احتجاج کرنے والوں کے ساتھ پولیس جس طرح کا برتاؤ کر رہی ہے وہ انتہائی افسوس ناک اور جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔ سلیم انجینئر نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس اور تمام متعلقہ ادارے جمہوری طرزعمل اختیار کریں اور حکومت کے دباؤ میں آئے بغیر اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کریں۔
اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کی حراست پر تشویش
6 اور 7 اکتوبر کو آکاشوانی بھون اور جنتر منتر کے قریب اپوزیشن کے ارکانِ پارلیمنٹ کی حراست کا حوالہ دیتے ہوئے جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر نے کہا کہ مظاہرین اور سیاسی لیڈران کو احتجاج کرنے سے روکنا ان مسائل کو حل نہیں کرسکتا جو وہ اٹھا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ہند اس سے پہلے بھی پرامن جمہوری احتجاج کے خلاف پولیس کی پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ پولیس حراست اور بلاجواز ایف آئی آر کے سلسلے کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔ پولیس کے ناروا سلوک سے متعلق الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے اور اس میں ملوث پائے جانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف جواب دہی طے کی جائے۔
38 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی پر سوال
سلیم انجینئر نے کہا کہ میڈیا کی ایسی رپورٹوں کو پڑھ کر بھی تشویش ہوتی ہے کہ آنے والے دنوں میں جنتر منتر اور دہلی کے اطراف کے احتجاج کو روکنے کے لیے تقریباً 38,000 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں کو اپنے ہی ملک کے شہریوں کے خلاف استعمال کرنا ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے۔ اس کے نتیجے میں شہریوں کے ایک طبقے کو دوسرے طبقے کے مقابل کھڑا کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں اور حکومت کے درمیان اعتماد اٹھ رہا ہے اور ہماری جمہوریت کمزور ہو رہی ہے۔
حکومت سے مکالمے اور پرامن احتجاج کا مطالبہ
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ عوام سے متعلق مسائل پر اپنی آواز بلند کرے۔ جب اپوزیشن ایسے مسائل اٹھاتی ہے تو حکومت کو چاہیے کہ وہ اس کے ساتھ بات چیت کا راستہ اختیار کرے، اس کی بات سنے اور اس کے خدشات کو دور کرے۔ حکومت اگر اپوزیشن کے مؤقف سے اتفاق نہ بھی کرتی ہو، تب بھی اسے چاہیے کہ مشاورت اور مکالمے کے ذریعے شکایات کے اظہار کا موقع فراہم کرے۔ ہم حکومت اور پولیس سے اپیل کرتے ہیں کہ پُرامن عوامی مظاہرے کو روکا نہ جائے اور عوام کے تحفظ کے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ عوامی نمائندوں اور مظاہرین کے ساتھ جس انداز میں سلوک کیا جا رہا ہے، اس کے اثرات موجودہ احتجاج تک محدود نہیں ہیں۔ اس طرح کی صورت حال ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہے اور دنیا کے سامنے ملک کی جمہوری شبیہ پر ایک سنگین داغ بن جاتی ہے۔ سلیم انجینئر نے کہا کہ حکومت کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ سیاسی اپوزیشن، پُرامن احتجاج اور آئینی آزادیوں کا احترام ہندوستان کے جمہوری تشخص اور عالمی سطح پر اس کے مقام کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



