Bharat Express DD Free Dish

India-Saudi Arabia bolster bilateral ties: جے پی نڈا کا دورۂ سعودی عرب: ہندوستان- سعودی عرب اقتصادی تعلقات مضبوط، کھاد و صحت کے شعبہ میں اشتراک پر زور

جگت پرکاش نڈا نے سعودی وزیر برائے توانائی، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

نئی دہلی:ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی رشتوں کو مزید مضبوط کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے صحت، کیمیکلز اور فرٹیلائزرز جے پی نڈا نے دمام اور ریاض کے دورے کے دوران کھاد، پیٹرو کیمیکل اور دوا سازی کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر زور دیا۔ جے پی نڈا نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت کرتے ہوئے سعودی عرب کے وزیر برائے صنعت و معدنی وسائل بندر بن ابراہیم الخریف سے ریاض میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے کھاد، پیٹروکیمیکل اور دوا سازی کے شعبہ میں اشتراک کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈی اے پی کھاد کی طویل مدتی فراہمی کے معاہدے

دونوں ممالک نے معدن (Maaden) اور ہندوستانی کمپنیوں آئی پی ایل، کریبکو اور سی آئی ایل کے درمیان ایک طویل مدتی معاہدے پر دستخط کیے، جس کے تحت 2025-26 سے ہر سال 3.1 ملین میٹرک ٹن ڈائی امونیم فاسفیٹ (DAP) کھاد کی فراہمی کی جائے گی۔ معاہدے کی میعاد پانچ سال ہو گی، جسے باہمی رضا مندی سے مزید پانچ سال کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے۔ سال 2024-25 میں ہندوستان نے سعودی عرب سے 1.9 ملین میٹرک ٹن ڈی اے پی کھاد درآمد کی، جو پچھلے مالی سال 2023-24 کے 1.6 ملین میٹرک ٹن سے 17 فیصد زیادہ ہے۔

یوریا سمیت دیگر کھادوں پر اشتراک کی توسیع پر زور

دونوں فریقین نے دیگر کھادوں جیسے یوریا کو شامل کرتے ہوئے باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا، تاکہ ہندوستان کی کھاد سلامتی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ جے پی نڈا نے سعودی وزیر برائے توانائی، شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان آل سعود سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی پبلک سیکٹر یونٹس (PSUs) کی سعودی کھاد صنعت میں سرمایہ کاری اور سعودی سرمایہ کاری کو ہندوستان میں فروغ دینے پر بھی بات چیت ہوئی۔

صحت کے شعبہ میں بھی تعاون پر زور

جے پی نڈا نے ریاض میں سعودی نائب وزیر صحت عبدالعزیز الرمیح سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں طبی خدمات، فارماسیوٹیکل، ڈیجیٹل ہیلتھ سلوشنز، اور نالج ایکسچینج جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ سعودی عرب کے دورے کے دوران صحت سے متعلق مفاہمتی یادداشت دونوں ملکوں کے صحت شعبے میں تعاون کو نئی سمت دے گی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read