ریڈیئنس نیوز پورٹل کا افتتاح کیا
نئی دہلی: معروف ہفتہ وار انگریزی میگزین ریڈیئنس کے نیوز پورٹل ”radiancenews.com“ کا افتتاح گزشتہ دنوں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ یہ میگزین بورڈ آف اسلامک پبلیکیشنز (بی آئی پی) کے تحت 1963 سے باقاعدہ شائع ہورہا ہے اورتب سے مسلسل مسلمانوں اور اسلام سے متعلق مسائل کو اجاگر کرتا آرہاہے۔ اس کے بنیادی مقاصد میں سچائی پر قائم رہنا، ہندوستان میں اسلام اور مسلمانوں کی نمائندگی کرنا اور مسلم اور برادران وطن کے درمیان پائی جانے والی خلیج کو دور کرنا شامل ہے۔ اس نے اپنی ذمہ دارانہ صحافت کے ساتھ چھ دہائیاں بحسن و خوبی مکمل کرلی۔اس کامیاب طویل سفر کی یادگار کے طور پر اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے جس کا باضابطہ افتتاحی پروگرام 22 اکتوبر کو انڈیا انٹر نیشنل سینٹر،نئی دہلی میں منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ہوں گے۔
اس موقع پر پورٹل کا تعارف کراتے ہوئے ’بی آئی پی‘ کے سکریٹری سید تنویر احمد نے کہا کہ ”یہ نیوز پورٹل مسلمانوں کے حالات کو اجاگر کرنے اور ان کے مسائل کو سامنے لانے کی بھرپورکوشش کرے گا۔ اس پورٹل میں کچھ خصوصی مضامین بھی ہوں گے۔ اس میں ایک کالم ’پرائیڈ آف دی نیشن‘ نامی ہوگا جس کے تحت مسلم شخصیات، اداروں اورکارناموں پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ایک کالم ’وائس آف ینگ انڈیا‘ نام سے ہوگا جس میں اہم سلگتے ہوئے مسائل پر نوجوانوں کی آوازیں شائع کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ متعدد کالمس ہوں گے جن میں بین مذاہب ہم آہنگی، انٹر پرینیور نیٹ ورک، آرٹ اینڈ کلچر وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر جماعت کے سکریٹری جنرل ٹی عارف علی، نائب امیر جماعت و بی آئی پی کے چیئرمین پروفیسر سلیم انجینئر، نائب امیر جماعت ایس امین الحسن کے علاوہ مختلف شعبوں کے سیکریٹریز اور معاون سکریٹریز، نیز بی آئی پی کے ممبران جیسے انتظار نعیم، اے یو آصف اور جاوید علی وغیرہ موجود تھے۔
بھارت ایکسپریس۔