نوادہ: وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو نوادہ میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور یہ دعویٰ کیا کہ آنے والے دنوں میں بہار کا نوجوان اپنے ہی صوبے میں روزگار پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مگدھ، قدیم بھارت کی شان ہے، اب وقت آگیا ہے کہ ہم بہار اور مگدھ کو دوبارہ اسی عظمت کی بلندیوں پر لے جائیں۔ ہمیں اس خطے کو علم اور سائنس کا عالمی مرکز بنانا ہے اور ایک ترقی یافتہ بہار تعمیر کرنا ہے۔‘‘
چھوٹے کسانوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا
وزیر اعظم مودی نے کسانوں کے مسائل اور پسماندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے بعد کی حکومتوں نے کبھی چھوٹے کسانوں کو ترجیح نہیں دی، جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ مشکلات میں گھرے رہے۔ انہوں نے کہا ’’یہ مودی ہے جو ان چھوٹے کسانوں کے ساتھ کھڑا ہے، جنہیں کبھی کسی نے پوچھا نہیں۔ پہلے بینکوں کے دروازے ان پر بند تھے، مگر مودی نے ان کے لیے بینک کھاتے کھلوائے اور آج ان ہی کھاتوں میں ’پردھان منتری کسان سمان ندھی‘ کی رقم جمع ہوتی ہے۔ اب تک بہار کے کسانوں کو تقریباً 30,000 کروڑ روپے مل چکے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اب کسانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے ہر سال 6,000 روپے دیے جاتے ہیں اور بہار کی این ڈی اے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ان 6,000 روپے کے علاوہ مزید 3,000 روپے دیے جائیں گے۔‘‘
بہار کی مٹی نے آریہ بھٹ جیسا عظیم ریاضی داں پیدا کیا
مودی نے بہار کی علمی روایت اور عوامی شعور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہی بہار ہے جس نے آریہ بھٹ جیسے عظیم ریاضی دان کو جنم دیا۔ بہار کے لوگوں کا حساب کتاب بھی مضبوط ہے اور ان کی سمجھ بوجھ بھی بے مثال ہے۔ لیکن چارہ گھوٹالے والے سمجھتے ہیں کہ وہ بہار والوں کو دھوکہ دے سکتے ہیں، جبکہ بہار کی عوام ان کی اصلیت کو اچھی طرح جانتی ہے۔‘‘
بہار صنعتی ترقی کی نئی مثال قائم کرے گا
وزیراعظم نے کہا کہ نوادہ ضلع میں بہار کا سب سے بڑا تیرتا ہوا بجلی گھر تیار ہو چکا ہے اور آنے والے برسوں میں یہاں سیکڑوں صنعتیں لگیں گی۔ انہوں نے کہا ’’وہ دن دور نہیں جب بہار میں موبائل فون، الیکٹرک گاڑیاں بنیں گی اور یہاں کے کپڑے دنیا بھر میں برآمد کیے جائیں گے۔ آنے والا وقت بہار کے نوجوانوں کا ہوگا۔ وہ بہار میں ہی کام کرے گا، بہار کا نام روشن کرے گا۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

