جنتر منتر پر تقریر کرتے ہوئے راہل گاندھی۔ (تصویر: اے این آئی)
اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے پیر کے روز آر ایس ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آر ایس ایس نے ہندوستان کے تعلیمی نظام پر مکمل طور پر قابو پالیا تو یہ ملک تباہ ہو جائے گا۔ کانگریس کے سابق سربراہ نے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد‘‘ کی پارٹیوں میں نظریات اور پالیسیوں میں تھوڑا سا اختلاف ہو سکتا ہے لیکن وہ ملک کے تعلیمی نظام پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔
راہل گاندھی نے انڈیا اتحاد سے منسلک طلبہ تنظیموں کی طرف سے نئی تعلیمی پالیسی کے خلاف منعقدہ احتجاج کے دوران کہا کہ ’’ایک تنظیم ملک کے مستقبل اور تعلیمی نظام کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ اس تنظیم کا نام ہے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ۔ اگر تعلیمی نظام ان کے ہاتھ میں چلا گیا، جو حقیقت میں آہستہ آہستہ جا رہا ہے، تو یہ ملک تباہ ہو جائے گا۔ کسی کو نوکری نہیں ملے گی اور ملک ختم ہو جائے گا۔‘‘ جنتر منتر پر منعقدہ اس احتجاج میں گاندھی نے مزید کہا ’’طلبہ تنظیموں کو تمام طلبا کو یہ بتانا چاہیے کہ ہندوستانی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پر آر ایس ایس کا غلبہ ہے۔ آنے والے وقت میں آر ایس ایس کی سفارش پر ریاستی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرری کی جائے گی۔ ہمیں اسے روکنا ہوگا۔‘‘
وزیر اعظم بےروزگاری اور مہنگائی کے بارے میں ایک لفظ نہیں بولتے: راہل گاندھی
گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں مہاکمبھ پر بات کی، لیکن انھیں اس کے ساتھ ساتھ بےروزگاری اور مہنگائی کے بارے میں بھی بات کرنی چاہیے تھی۔ راہل گاندھی نے کہا ’’وزیر اعظم بے روزگاری، مہنگائی اور تعلیمی نظام کے بارے میں ایک لفظ نہیں بولتے۔ ان کا ماڈل تمام وسائل اڈانی اور امبانی کے حوالے کرنا اور اداروں کو آر ایس ایس کے حوالے کرنا ہے۔‘‘ گاندھی نے احتجاج کر رہے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا ’’آپ انڈیا بلاک کے طالب علم ہیں، ہمارے نظریات اور پالیسیوں میں کچھ اختلاف ہو سکتا ہے لیکن ہم ملک کے تعلیمی نظام پر کبھی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، ہم مل کر اس لڑائی کو لڑیں گے اور آر ایس ایس کو پیچھے دھکیل دیں گے۔‘‘
پچھلے مہینے گاندھی نے ڈی ایم کے کے زیر اہتمام یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) کے نئے ضوابط کے مسودے کے خلاف احتجاج میں بھی حصہ لیا تھا۔ انھوں نے وہاں الزام لگایا تھا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں اساتذہ اور تعلیمی عملے کی تقرری سے متعلق یو جی سی کے نئے ضوابط کا مسودہ آر ایس ایس کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے جس کا مقصد ملک پر ’’صرف ایک تاریخ، ایک روایت اور ایک زبان‘‘ کو مسلط کرنا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
