Bharat Express

Karnataka Accident: کرناٹک میں خوفناک سڑک حادثہ، ٹرک سے کار کی زور دار ٹکر ، 5 ہلاک، 13 زخمی

دی ہندو نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد آندھرا پردیش کے نندیال ضلع کے ویلاگوڈو گاؤں کے رہنے والے تھے

Karnataka Accident: کرناٹک کے یادگیری ضلع میں ایک خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں ایک گاڑی سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں 5 افراد ہلاک اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ یادگیری کے ڈپٹی ایس پی نے بتایا کہ حادثہ بالی چکرا کراس کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

دی ہندو نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد آندھرا پردیش کے نندیال ضلع کے ویلاگوڈو گاؤں کے رہنے والے تھے۔ ہلاک ہونے والوں  میں خاتون اور ایک لڑکی بھی شامل ہے ۔  یہ سبھی خواجہ بندنواز کے عرس میں شرکت کے لیے کرناٹک کے کلابورگی جا رہے تھے۔ پولیس کے مطابق حادثہ منگل 6 جون کی صبح 4 بجے اس وقت پیش آیا جب ایک کروزر گاڑی جس میں 18 افراد سوار تھے، ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

زخمیوں کو دوسرے اسپتال ریفر کیاگیا

اطلاع ملتے ہی یادگیری کے ڈپٹی ایس پی بسویشور اور سیدا پور کے پولیس انسپکٹر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے رائچور انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا ۔جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ لاشوں کو سید پور کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔

-بھارت ایکسپریس