Bharat Express DD Free Dish

Amit Shah Begins Three-Day Arunachal Visit Today: امت شاہ کا اروناچل پردیش کا تین روزہ دورہ آج سے شروع، سیانگ منصوبہ اور سرحدی سلامتی پر ہوگی بات چیت

مرکزی وزیر داخلہ ریاستی حکومت کے ساتھ ترقی، امن و امان اور داخلی سلامتی کے امور کا جائزہ لیں گے، پولیس اہلکاروں کو اعزاز اور نئے سرکاری ملازمین کو تقرری نامے بھی دیں گے

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ سے اروناچل پردیش کے تین روزہ دورے کا آغاز کریں گے۔ اس دوران وہ پولیس اہلکاروں کو اعزاز سے نوازیں گے، نئے بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین میں تقرری نامے تقسیم کریں گے اور ریاستی حکومت کے ساتھ کئی اہم امور کا جائزہ لیں گے۔

وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے بتایا کہ امت شاہ جمعہ کی شام ایٹا نگر پہنچیں گے۔ وزیر داخلہ ریاستی دارالحکومت کے قریب منعقد ہونے والی ایک تقریب میں صدر جمہوریہ کے پولیس میڈل حاصل کرنے والوں کو اعزاز سے نوازیں گے۔اس کے علاوہ وہ دورجی کھانڈو کنونشن سینٹر کا دورہ کریں گے، جہاں پولیس اور محکمہ جنگلات میں نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو تقرری نامے تقسیم کیے جائیں گے۔امت شاہ ریاست کے اعلیٰ افسران، سیاسی رہنماؤں اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان اجلاسوں میں ترقیاتی منصوبوں، امن و امان اور داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔ وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کے مطابق، یہ دورہ ریاست کے اہم مسائل پر بات چیت اور ان کے حل کے لیے ایک اہم موقع ہے۔

سیانگ منصوبے کے خلاف احتجاج کے درمیان دورہ

امت شاہ کا یہ دورہ مجوزہ 11,200 میگاواٹ کے سیانگ اپر ملٹی پرپز پروجیکٹ (ایس یو ایم پی) کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان ہو رہا ہے۔ اس منصوبے کا دائرہ سیانگ، ایسٹ سیانگ اور اپر سیانگ اضلاع تک پھیلا ہوا ہے۔مقامی باشندوں اور مختلف تنظیموں نے اس منصوبے کے سبب لوگوں کی بے دخلی اور ماحولیات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان پر تشویش ظاہر کی ہے۔23 اکتوبر کو احتجاج میں شدت آگئی تھی، جو اگلی صبح تک جاری رہا۔ ان مظاہروں کے سلسلے میں 75 سے زیادہ افراد کو گرفتار یا حراست میں لیا جا چکا ہے۔مظاہرین نے مجوزہ 1605 میگاواٹ کے سبانسیری اپر ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کی بھی مخالفت کی ہے، جسے عام طور پر ’مینگا ڈیم‘ کہا جاتا ہے۔ احتجاج کے بعد مرکزی حکومت نے علاقے میں سی آر پی ایف کی ریپڈ ایکشن فورس کی دو کمپنیاں تعینات کی تھیں۔

چین، میانمار اور بھوٹان کے ساتھ سرحدی سلامتی بھی اہم موضوع

اروناچل پردیش کی چین، میانمار اور بھوٹان کے ساتھ مجموعی طور پر 1863 کلومیٹر طویل بین الاقوامی سرحد ہے۔ مرکزی اور ریاستی حکومتیں سرحدی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے اور آمد و رفت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کو ترجیح دے رہی ہیں۔اس مقصد کے لیے ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام‘ سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن کے تحت دور دراز سرحدی دیہات میں ترقیاتی کاموں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔امت شاہ 22 نومبر کو نئی دہلی واپس روانہ ہوں گے۔ اس سے قبل انہوں نے جون 2024 میں پیما کھانڈو کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے اروناچل پردیش کا دورہ کیا تھا۔ اپریل 2023 میں انہوں نے کیبیتھو کا دورہ کیا اور وہیں سے ’وائبرنٹ ولیجز پروگرام‘ کا آغاز کیا تھا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read