نیم پلیٹ تنازعہ پر کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے ہماچل پردیش کے وزیر وکرمادتی سنگھ کو نصیحت دی ہے۔
ہماچل پردیش میں ریہڑی-پٹری، ڈھابہ اورریسٹورنٹ میں نیم پلیٹ لگانے سے متعلق تنازعہ ابھی جاری ہے۔ ریاست کے پی ڈبلیو ڈی اورشہری ترقیات کے وزیروکرمادتیہ سنگھ نیم پلیٹ لگوانے کے حق میں ہیں، جس کے سبب کانگریس پارٹی ان سے ناخوش نظرآرہی ہے۔ پارٹی کی طرف سے وکرمادتیہ سنگھ سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ پارٹی کی پالیسیوں اورنظریات کے خلاف کوئی کام کرنا یا کسی طرح کا فیصلہ کرنا غلط ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے بھی وکرما دتیہ سنگھ سے یہی بات کہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پارٹی کسی بھی طریقے سے نفرت کو فروغ نہیں دینا چاہتی ہے۔ حالانکہ ریاستی حکومت نے یہ بات واضح کردیا ہے کہ باضابطہ طور پر ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں سنایا گیا ہے۔
اتحاد میں ہی یقین رکھتی ہے کانگریس: کے سی وینوگوپال
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ انہوں نے وکرمادتیہ سنگھ کو پارٹی کے نظریات اور جذبات کی وضاحت کی۔ کھانے پینے کے مقامات اورفاسٹ فوڈ مراکزمیں نام کی تختیاں لگانے کے معاملے پر کانگریس کی پالیسیاں شروع سے ہی واضح رہی ہیں۔ ایسے میں کوئی وزیریا عہدیدار پارٹی کی پالیسیوں اور نظریات کے خلاف نہیں جا سکتا۔
راہل گاندھی نفرت کے خلاف پیار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں اور ہمیں بھی نفرت پیدا نہیں کرنی ہے۔ ہم اتحاد میں یقین رکھتے ہیں۔ تنازعہ میں گھرے وزیر وکرمادتیہ سنگھ نے اپنے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کے سی وینوگوپال کوبتایا کہ میڈیا میں انہیں غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے۔
کیوں ہو رہا ہے تنازعہ؟
ہماچل پردیش کے ریاستی وزیروکرمادتیہ سنگھ نے 25 ستمبر کو اترپردیش کی یوگی حکومت کی طرح ہی ریسٹورنٹ اور فاسٹ فوڈ سینٹروں میں نیم پلیٹ لگانے کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مالکان کو اپنی پہچان بتانا ضروری ہے تاکہ گراہکوں کو کسی بھی طرح سے پریشانی نہ ہو، لیکن ان کا یہ فیصلہ کانگریس پارٹی کی حکمت عملی کے خلاف ہے۔ کانگریس شروعات سے ہی نیم پلیٹ لگانے کی بات کی مخالفت کرتی آئی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس سے ذات کے نام پربھید بھاؤ کو فروغ ملے گا اور نفرت پھیلے گی۔ ایسے میں وکرمادتیہ نیم پلیٹ لگانے کی حمایت کرنے کے بعد سے ہی کافی سرخیوں میں ہیں اور کانگریس بھی ان کی اس بات سے غیرمطمئن دکھائی دے رہی ہے۔