Bharat Express DD Free Dish

Hands in Soil Hearts with India: مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ نعرے کے درمیان شجر کاری مہم کے لوگو کا اجرا، جماعت اسلامی ہند میں تقریب کا انعقاد

بچوں کی تنظیم سی آئی او ایک ماہ تک چلائے گی ملک گیر شجر کاری کی مہم۔ اس مہم کے ذریعے جہاں ایک طرف ماحولیاتی آلودگی کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے وہیں دوسری جانب ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس بھی بیدار کرنا ہے

چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او)  کی جانب سے آئندہ 25 جون سے شروع ہونے والی ایک ماہ کی ملک گیر شجر کاری مہم کے ’ لوگو ‘ کا اجرا کیا گیا ۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی ہند کے مرکز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا،  جس میں بڑی تعداد میں بچوں اور خواتین نے شرکت کی ۔ اس مہم کے تحت جماعت اسلامی ہند پورے ملک میں دس لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شجر کاری کا پیغام

جاری کئے گئے لوگو کا نعرہ ہے مٹی میں ہاتھ، دل وطن کے ساتھ۔ اس نعرے کے ذریعے پورے ملک کو ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شجر کاری کا پیغام دیا جائے گا ۔افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی ایس امین الحسن نائب امیر جماعت اسلامی ہند نے شجر کاری مہم کا لوگو جاری کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔جناب ایس امین الحسن نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ آنے والے بہتر مستقبل کے لیے بچے زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں ۔ ماحولیاتی آلودگی کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آلودگی سے پاک معاشرہ لوگوں کی زندگی کے لیے نہایت ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری کے ذریعے ہم بڑی حد تک ماحولیاتی آلودگی کو دور کر سکتے ہیں۔

پیڑ پودوں سے محبت مہم کا خاص مقصد

اس موقع پر سی آئی او کے سکریٹری جناب سید تنویر احمد نے بچوں کو خطاب کرتے ہوئے شجر کاری کی اہمیت کو واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت کئی اعتبار سے انسانوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں ۔ ان میں غذا، آکسیجن اور ماحولیاتی حسن شامل ہے۔ شجر کاری مہم کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب سید تنویر احمد نے کہا کہ بچوں کے درمیان پیڑ پودوں سے محبت اور ان کو شجر کاری کی طرف راغب کرانا ہے ۔اس مہم کے ذریعے جماعت اسلامی ہند کا منصوبہ  ہے کہ پورے ملک میں دس لاکھ پودے لگائے جائیں۔

سماجی شعور بیدار کرنے کا کام کررہی ہے آرگنائزیشن

واضح رہے کہ چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن ( سی آئی او ) پانچ سال سے لے کر دس سال تک کے بچے اور بچیوں کی دینی تربیت اور ان کے اندر سماجی شعور بیدار کرنے کا کام کررہی ہے۔ اس مہم کے ذریعے جہاں ایک طرف ماحولیاتی آلودگی کے تعلق سے عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے وہیں دوسری جانب ان میں سماجی ذمہ داری کا احساس بھی بیدار کرنا ہے۔ تقریب میں جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران کے علاوہ بڑی تعداد میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read