Bharat Express DD Free Dish

Govt withdraws Income Tax Bill 2025: مودی حکومت نے واپس لیا نیا انکم ٹیکس بل ، جانیے کیا ہے وجہ

پارلیمنٹ کے موجودہ مانسون اجلاس کے پہلے روز، یعنی 21 جولائی کو، نئے انکم ٹیکس بل پر پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کی گئی تھی۔

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن۔ (فائل فوٹو)

وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جمعے کے روز لوک سبھا میں فروری میں پیش کیا گیا انکم ٹیکس بل 2025 واپس لینے کی تحریک پیش کی، جسے ایوان نے اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود منظور کر لیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی رکن پارلیمان بیجینت پانڈا کی سربراہی میں قائم 31 رکنی منتخب کمیٹی نے بل میں متعدد اہم ترامیم کی سفارش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس بل کا نیا ورژن، جس میں پارلیمانی کمیٹی کی بیشتر سفارشات شامل کی جائیں گی، پیر 11 اگست کو ایوان میں دوبارہ پیش کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ورژنز کے باعث ممکنہ ابہام سے بچنے اور ایک واضح، مکمل اور تازہ ترین مسودہ ایوان کے سامنے لانے کے لیے بل کو واپس لینا ضروری تھا۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے موجودہ مانسون اجلاس کے پہلے روز، یعنی 21 جولائی کو، نئے انکم ٹیکس بل پر پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ لوک سبھا میں پیش کی گئی تھی۔ اس رپورٹ میں قانون کی زبان اور ساخت کو مزید سادہ بنانے، ابہامات کو دور کرنے اور موجودہ قانونی فریم ورک سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم تجاویز دی گئی تھیں۔ پارلیمانی کمیٹی نے انکم ٹیکس بل 2025 کا تفصیل سے جائزہ لیا، جس کا مقصد انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کو سادہ، جامع اور تنازعات سے پاک بنانا ہے۔ کمیٹی نے اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں 4,584 صفحات پر مشتمل رپورٹ تیار کی، جس میں مجموعی طور پر 566 ترامیم اور سفارشات شامل ہیں۔

کمیٹی نے ٹیکس دہندگان کو ریلیف دینے کے لیے ایک اہم تجویز یہ دی کہ اگر کوئی شخص مقررہ تاریخ کے بعد انکم ٹیکس ریٹرن جمع کراتا ہے تو اس صورت میں بھی ریفنڈ کی اجازت دی جائے۔ اس کے علاوہ مائیکرو اور اسمال انٹرپرائزز کی تعریف کو ایم ایس ایم ای ایکٹ سے ہم آہنگ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ میں پروویڈنٹ فنڈ پر ٹی ڈی ایس، کم شرح ٹیکس سرٹیفکیٹ اور جرمانے کے اختیارات سے متعلق شقوں میں وضاحت اور ترامیم کی سفارشات بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نیا انکم ٹیکس بل وفاقی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پہلی بار 13 فروری 2025 کو لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read