مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے پیر کو آئندہ مرکزی بجٹ 28-2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں ملک کے ممتاز ماہرین اقتصادیات کے ساتھ پہلی پری بجٹ مشاورتی میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کا مقصد آئندہ بجٹ کے لیے ماہرین سے تجاویز حاصل کرنا اور ملک کی اقتصادی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔ حکومت کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس میٹنگ میں محکمہ اقتصادی امور (ڈی ای اے) کی سکریٹری انورا دھا ٹھاکر، حکومت ہند کے چیف اکنامک ایڈوائزر وی اننت ناگیشورن اور محکمہ اقتصادی امور کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
صنعتوں اور متعلقہ فریقوں سے بھی جاری ہے مشاورت
وزارت خزانہ پہلے ہی بجٹ 28-2027 کی تیاریوں کے تحت مختلف صنعتی تنظیموں اور متعلقہ فریقوں کے ساتھ مشاورتی میٹنگوں کا سلسلہ شروع کر چکی ہے۔ ان میٹنگوں کا مقصد صنعت کاروں، تجارتی برادری اور اقتصادی ماہرین سے تجاویز حاصل کرکے بجٹ کو زیادہ مؤثر اور ترقی پر مبنی بنانا ہے۔حال ہی میں صنعتی تنظیم پی ایچ ڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (پی ایچ ڈی سی سی آئی) نے حکومت کو کسٹم ڈیوٹی میں اصلاحات سے متعلق کئی اہم سفارشات پیش کی تھیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے ہندوستان کو عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر مزید مسابقتی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
صنعتی خام مال اور توانائی سے متعلق ڈیوٹی میں کمی کا مطالبہ
وزارت خزانہ کے محکمہ محصولات کے ٹیکس ریسرچ یونٹ کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں پی ایچ ڈی سی سی آئی نے اہم صنعتی خام مال اور توانائی کے شعبے میں استعمال ہونے والے وسائل پر عائد کسٹم ڈیوٹی کو معقول بنانے کا مطالبہ کیا۔ تنظیم کے مطابق، اس سے پیداواری لاگت کم ہوگی، توانائی کا تحفظ مضبوط ہوگا، گھریلو ویلیو چین کو فروغ ملے گا اور ہندوستانی صنعتوں کی عالمی مسابقتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔اپنی سفارشات میں پی ایچ ڈی سی سی آئی نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی)، بھاری پیٹرولیم فیڈ اسٹاک اور نیفتھا پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی موجودہ 2.5 فیصد سے کم کرکے صفر کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ صنعتی مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے پیٹرولیم کوک پر بھی کسٹم ڈیوٹی کو معقول بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مارچ 2028 کے بعد بھی اسٹیل اسکریپ پر موجودہ ڈیوٹی برقرار رکھنے کی سفارش
صنعتی تنظیم نے مارچ 2028 کے بعد بھی اسٹیل اسکریپ پر موجودہ بنیادی کسٹم ڈیوٹی کا نظام برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ مصنوعات توانائی، کھاد، اسٹیل، ایلومینیم، پیٹرو کیمیکل، بنیادی ڈھانچے، تعمیرات، ٹیکسٹائل اور انجینئرنگ سمیت کئی اہم شعبوں کے لیے ضروری خام مال کی حیثیت رکھتی ہیں۔پی ایچ ڈی سی سی آئی کا ماننا ہے کہ خام مال اور درمیانی مصنوعات پر عائد کسٹم ڈیوٹی کا براہ راست اثر پیداواری لاگت، سرمایہ کاری کے فیصلوں اور صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت پر پڑتا ہے۔ اگر ڈیوٹی کے ڈھانچے کو آسان اور متوازن بنایا جائے تو اس سے آپس میں جڑے مینوفیکچرنگ شعبوں میں لاگت کے انتظام اور پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ایل این جی اور ایلومینیم صنعت کے لیے بھی سفارشات
تنظیم نے بجٹ 28-2027 کے لیے اپنی تجاویز میں مائع قدرتی گیس (ایل این جی)، نیفتھا اور کچھ دیگر بھاری پیٹرولیم فیڈ اسٹاک پر بنیادی کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ اس کے ساتھ ایلومینیم صنعت میں استعمال ہونے والے پیٹرولیم کوک پر ڈیوٹی کم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔تنظیم کے مطابق، ان اقدامات سے صنعتی شعبوں کو سستا خام مال دستیاب ہوگا، پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور ہندوستانی مصنوعات کو عالمی بازار میں مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




