ٹیسلا (Tesla) اور اسپیس ایکس (SpaceX) کے سی ای او ایلون مسک نے ہفتے کے روز اعلان کیا کہ وہ اس سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کے منتظر ہیں۔ یہ اعلان جمعہ کو مسک اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ٹیلی فون پر بات چیت کے بعد کیا گیا، جو دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیکنالوجی اور اختراعات میں باہمی تعاون بڑھانے پر جاری مسلسل بات چیت کا ہی ایک حصہ تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں مسک نے اپنے جوش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’وزیر اعظم مودی کے ساتھ بات کرنا اعزاز کی بات ہے۔ میں اس سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا منتظر ہوں!‘‘ واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے بھی ایلون مسک سے فون پر بات چیت کے بارے میں ’ایکس‘ پر خبر دی تھی۔ وزیر اعظم نے لکھا تھا کہ ’’ایلون مسک سے بات کی۔ اس درمیان مختلف مسائل زیر گفتگو آئے، بشمول ان موضوعات کے جو کہ اس سال کے شروع میں واشنگٹن ڈی سی کی ہماری ملاقات میں زیر بحث آئے تھے۔ ہم نے ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ہندوستان ان شعبوں میں امریکہ کے ساتھ اپنی شراکت کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
It was an honor to speak with PM Modi.
I am looking forward to visiting India later this year! https://t.co/TYUp6w5Gys
— Elon Musk (@elonmusk) April 19, 2025
وزیر اعظم نے اس سے پہلے واشنگٹن ڈی سی میں کی تھی مسک سے ملاقات
دونوں رہنماؤں کے درمیان فروری میں واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی پہلی ملاقات میں انھوں نے ہندوستانی اور امریکی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کے مواقع تلاش کیے تھے۔ اس ملاقات کے دوران خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت، پائیدار ترقی اور اختراع جیسے اہم شعبوں کو موضوع گفتگو بنایا گیا۔ فروری کی میٹنگ کے بعد ایک بیان میں ہندوستان کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ ’’وزیر اعظم اور مسٹر مسک نے جدت، خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور پائیدار ترقی میں ہندوستان اور امریکی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا۔‘‘
واضح رہے کہ ایلون مسک امریکی محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کے سربراہ بھی ہیں۔ امریکہ میں ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایلون مسک کے بچوں سے بھی بات چیت کی تھی۔ مسک کے آئندہ ہندوستان کے دورے سے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ہائی ٹیک صنعتوں میں تعلقات مزید مضبوط ہونے کی امید ہے۔ ساتھ ہی اس سے مستقبل قریب میں نئی سرمایہ کاری اور تعاون کے امکانات بھی روشن ہو جاتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
