Bharat Express DD Free Dish

Blast and fire at MRPL facility: منگلور ریفائنری اینڈ پیٹروکیمیکلز لمیٹڈ پلانٹ میں دھماکے کے بعد لگی آگ، 8 افراد زخمی، جائے حادثہ پر پہنچے اعلیٰ افسران

منگلور ریفائنری اینڈ پیٹروکیمیکلز لمیٹڈ (ایم آر پی ایل) کے پلانٹ میں بدھ کو دھماکے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ پلانٹ کے احاطے سے دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔

منگلورو (کرناٹک): کرناٹک کے منگلورو میں منگلور ریفائنری اینڈ پیٹروکیمیکلز لمیٹڈ (ایم آر پی ایل) کے پلانٹ میں بدھ کو دھماکے کے بعد زبردست آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔ پلانٹ کے احاطے سے دھوئیں کے گھنے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔  پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی کے مطابق ہائیڈرو سلفر ٹریٹمنٹ یونٹ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ لگ گئی۔ اس واقعے میں 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں راجیش نامی ایک شخص کو پلانٹ کے احاطے سے سری نواس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ پولیس کمشنر کے مطابق پولیس کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور چیف ایگزیکٹو افسر سمیت اعلیٰ حکام موقع پر موجود ہیں۔

دھماکے کی وجہ پریشر آلات ہونے کا امکان

بی جے پی رکن اسمبلی بھارت شیٹی نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکہ پلانٹ کے اندر موجود کسی اسٹیمر یا پریشر آلات کی وجہ سے ہوا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔ بھارت شیٹی کے مطابق پولیس حکام سے بات چیت کے بعد معلوم ہوا کہ تقریباً 9 افراد کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ ایک شخص تقریباً 30 فیصد جھلسنے کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہے۔

دھماکے کی شدت سے عمارتوں کے شیشے ٹوٹے

رکن اسمبلی نے بتایا کہ زیادہ تر معمولی زخمی اس عمارت میں موجود افراد ہوئے جو دھماکے کی جگہ کے بالکل سامنے واقع ہے۔ دھماکے کی شدت سے عمارت کی فالس سیلنگ اور شیشے کی کھڑکیاں گرگئیں، جس کی زد میں آکر لوگوں کو چوٹیں آئیں۔ ان کے مطابق دھماکے کی آواز اور اس کا اثر تقریباً 2 سے 4 کلومیٹر کے دائرے میں محسوس کیا گیا۔ آس پاس کے گاؤں اور پنچایتوں سے گھروں کے شیشے اور چھتوں کی ٹائلیں ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بھارت شیٹی نے کہا کہ آس پاس کے علاقوں سے مسلسل شکایات موصول ہورہی ہیں۔ بعض اسکولوں کی عمارتوں میں بھی دھماکے کے اثرات کے باعث دراڑیں پڑنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ واقعے کے بعد ضلع کے اعلیٰ حکام نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور امدادی و حفاظتی اقدامات کی نگرانی شروع کردی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read