نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر جمعرات کو پہلی بار بھارت پہنچے، جہاں وہ ایک شاہانہ اور ہائی پروفائل شادی میں شرکت کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق، ٹرمپ جونیئر 40 مختلف ممالک سے آئے 126 خاص مہمانوں کے وفد کے ساتھ اُدے پور کا سفر کریں گے۔ اس دوران وہ دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاریخی تاج محل کا دیدار بھی کریں گے۔ ڈونالڈ ٹرمپ جونیئر خصوصی طیارے کے ذریعے آگرہ کے کھیریا ایئر پورٹ پر اترے، جہاں ان کا خصوصی استقبال کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ شاہی شادی 21 اور 22 نومبر کو راجستھان کے دلکش شہر اُدے پور میں منعقد ہوگی۔ ٹرمپ جونیئر کی آمد نے تقریب کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے اور ان کے سفر کی سوشل میڈیا پر بھی زبردست چرچہ ہے۔
شادی کی مرکزی تقریب جھیل پچھولا کے وسط میں قائم عظیم و تاریخی جگ مندر پیلس میں ہوگی، جو دنیا کے سب سے خوبصورت فلوٹنگ پیلس مقامات میں شمار ہوتا ہے۔ شادی سے جڑی دیگر تقریبات سٹی پیلس کمپلیکس کے مانیگ چوک میں ہوں گی، جہاں خصوصی سجاوٹ اور روشنیوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرمپ جونیئر ادے پور کے لگژری ہوٹل دی لیلا پیلس میں قیام کریں گے، جو اپنے شاہانہ طرزِ تعمیر کے لیے عالمی شہرت رکھتا ہے۔
40 ملکوں سے آنے والے 126 مہمانوں میں مختلف ملکوں کے سابق صدور، وزرائے اعظم، جج اور اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ ٹرمپ جونیئر نہ صرف ایک اہم سیاسی شخصیت ہیں بلکہ ایک معروف بزنس مین بھی ہیں۔ وہ ایک انڈین امریکن جوڑے کی ڈیسٹینیشن ویڈنگ میں شرکت کے لیے بھارت آئے ہیں۔ ان کی آمد سے قبل امریکی سیکورٹی ایجنسی کی ٹیم ادے پور پہنچ کر سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے چکی ہے۔
اس موقع پر مقامی انتظامیہ نے شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔ راجستھان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ دو روزہ تقریبات کے دوران ادے پور ہائی الرٹ پر رہے گا اور ایئرپورٹ سے جھیل پچھولا تک کے تمام راستوں پر خصوصی سیکیورٹی ڈپلائے کی گئی ہے۔ کئی بھارتی سیاسی و سماجی شخصیات اور فلمی ستاروں کے بھی اس شادی میں شامل ہونے کی امید ہے۔
ادے پور اپنی خوبصورت جھیلوں، شاہی محلوں اور تاریخی ورثے کی وجہ سے دنیا بھر کے امیر گھرانوں کی پسندیدہ ترین شادی کے لیے ڈیسٹینیشن مانا جاتا ہے۔ اس سے پہلے یہاں پر پرینکا چوپڑا–نک جونس، روینہ ٹنڈن، نیل نیتن مکیش، ہاردک پانڈیا اور ایشا امبانی کے شاہانہ تقریبیں منعقد ہو چکی ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل 2020 میں ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے تاج محل کا دورہ کیا تھا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


