جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان۔ (تصویر: اے این آئی)
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو سرینگر میں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ساتھ ریاستی سیکریٹریٹ میں ایک تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ’’وِکست بھارت‘‘ وژن کے لیے ایک ترقی یافتہ جموں و کشمیر نہایت اہم ہے۔ اجلاس میں کسانوں اور دیہی عوام کے مفادات سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
متعدد ترقیاتی اسکیموں اور منصوبوں کا کیا اعلان
شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ زراعت بھارت اور جموں و کشمیر دونوں کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس پر تقریباً 50 فیصد آبادی کا روزگار منحصر ہے۔ انھوں نے ریاست کے ’کسان خدمت گھر‘ منصوبے کی تعریف کی، جو کسانوں کو تمام زرعی سہولیات ایک ہی جگہ پر فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ درآمد شدہ پودے اکثر چند سال بعد بیماری کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کے حل کے لیے سرینگر میں 150 کروڑ روپے کی لاگت سے ’کلین پلانٹ سینٹر‘ قائم کیا جائے گا۔ اس مرکز کے ذریعے سیب، اخروٹ، بادام اور بیری جیسے پھلوں کے لیے بیماری سے پاک پودے فراہم کیے جائیں گے۔ نجی نرسریوں کو بھی بہتر معیار کے پودے فراہم کرنے کے لیے تعاون دیا جائے گا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ ایسے کسان، جنھیں حکومت نے زمین دی ہے مگر اُن کے پاس دستاویزی ثبوت نہیں، انھیں پردھان منتری کسان سمّان ندھی (PM-KISAN) اسکیم میں شامل کرنے پر غور ہو رہا ہے۔ مرکزی وزیر نے جموں علاقے میں علاقائی باغبانی مرکز کے قیام کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ICAR، جموں زرعی یونیورسٹی کو بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مدد دے گا۔
زعفران کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت قائم کرے گی ٹشو کلچر لیب اور نرسری
انھوں نے بتایا کہ زعفران کی پیداوار بڑھانے کے لیے مرکزی حکومت ٹشو کلچر لیب اور نرسری قائم کرے گی اور نیشنل زعفران مشن کو مقامی حالات کے مطابق ڈھالا جائے گا۔ مٹی کی صحت بہتر بنانے کے لیے کٹھوعہ، بارہمولہ اور اننت ناگ میں کوالٹی کنٹرول لیب قائم کیے جائیں گے۔ دریں اثنا وزیر اعظم مودی کے ذریعہ اعلان کردہ 4,200 کروڑ روپے کی PMGSY اسکیم سے دیہی سڑکوں کی تعمیر جاری ہے۔ وہیں PM آواس یوجنا کے تحت 93 فیصد مکانات مکمل ہو چکے ہیں اور باقی اہل افراد کو جلد گھر فراہم کیے جائیں گے۔ جب کہ خواتین کو NRLM کے تحت خود روزگار کے مواقع دیے جا رہے ہیں، جن میں کئی ’’لکھ پتی دیدی‘‘ بن چکی ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ روزگار کے لیے MGNREGA اور نوجوانوں کے لیے تربیتی پروگرام جلد شروع ہوں گے۔ کسان کریڈٹ کارڈ اسکیم میں تمام اہل کسانوں کو شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ چوہان نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

