کب ملے گی چلچلاتی گرمی سے راحت
Weather Update: شمالی ہند میں سورج کی تپش اور گرمی کا قہرجاری ہے۔ وہیں جنوب مغرب مانسون کیرلہ اور تمل ناڈو کے بعد اب مغربی بنگال میں بھی دستک دے چکا ہے۔جس کی وجہ سے ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کی امید ہے۔ تاہم مانسون کا اثر بنگال کے شمالی حصہ تک محدود رہے گا۔ریاست کے دیگر حصوں کو مانسون کے لئے اب بھی انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ وہیں بہار، راجستھان کے ساتھ کئی ریاستوں میں شدیدگرمی کے درمیان ہیٹ ویو بھی مسلسل جاری ہے۔
ان ریاستوں میں طوفان کا الرٹ
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، ہریانہ، دہلی اور راجستھان کے کچھ حصوں میں صحرائی طوفان کا امکان ہے۔ آندھرا پردیش، تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور جھارکھنڈ، اڈیشہ، گنگا مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش میں 1 یا 2 مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
ملک کے ساحلی علاقوں میں بپرجوئے طوفان کا خطرہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مہاراشٹر اور گجرات کے ساحل کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ گجرات اور مہاراشٹر کے ساحل کے ساتھ سمندر میں اونچی لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ بارش کی سرگرمیاں گجرات کے جنوبی ساحل پر شروع ہونے کی توقع ہے اور آہستہ آہستہ شدت اختیار کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں- Amit Shah: نریندر مودی کے بعد ملک کا نیا وزیر اعظم کیسا ہونا چاہیے؟ وزیر داخلہ امت شاہ نے تمل ناڈو میں کیا انکشاف
نئی دہلی کا موسم
محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سے زیادہ ہی ریکارڈ کیا جائے گا۔ فی الحال لوگوں کو گرمی سے مہلت نہیں ملے گی۔ تاہم اس دوران دارالحکومت میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔نئی دہلی میں اگلے چند دنوں تک صاف آسمان اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 12 جون کو دارالحکومت میں کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
-بھارت ایکسپریس