نئی دہلی : دہلی کے کالندی کنج علاقے میں یمنا ندی میں پیش آنے والے ایک افسوسناک حادثے میں 15 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکا اپنے بھائی اور دوستوں کے ساتھ گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لیے یمنا میں نہانے گیا تھا۔ نہاتے ہوئے وہ اچانک ندی کے ایک گہرے حصے میں پھسل گیا اور تیز بہاؤ کی زد میں آ کر پانی میں ڈوب گیا۔ دوستوں نے اسے بچانے کی بھرپور کوشش کی اور زور زور سے مدد کے لیے آوازیں لگائیں، لیکن اس وقت جائے وقوعہ پر کوئی ایسا شخص موجود نہیں تھا جو فوری طور پر اس کی مدد کر سکتا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی دہلی پولیس فوری طور پر کالندی کنج کے شری رام چوک کے قریب یمنا کے کنارے پہنچ گئی۔ پولیس نے مقامی غوطہ خوروں اور خصوصی ریسکیو بوٹ کلب کی ٹیم کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا۔ کافی دیر تک جاری رہنے والی تلاش کے بعد لڑکے کو پانی سے نکال لیا گیا اور فوری طور پر رام منوہر لوہیا (آر ایم ایل) اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔
جنوب مشرقی دہلی کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس ڈاکٹر ہیمنت تیواری نے بتایا کہ پولیس کو ہفتے کے روز پی سی آر کال کے ذریعے حادثے کی اطلاع ملی تھی۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے یمنا میں تلاش کا عمل شروع کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لڑکا اپنے بھائی اور دوستوں کے ساتھ نہا رہا تھا، اسی دوران وہ ندی میں موجود ایک گہرے گڑھے میں پھسل گیا اور پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا۔مقامی غوطہ خور نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ایک بچہ یمنا میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا ہے، جس کے بعد انہوں نے فوراً ندی میں غوطہ لگا کر تلاش شروع کی۔ تقریباً آدھے گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد لڑکے کو پانی سے باہر نکالا گیا، اس وقت تک اس کی سانسیں تھم چکی تھیں۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
پولیس نے واقعے کے عینی شاہدین، لڑکے کے بھائی اور دیگر اہل خانہ کے بیانات درج کر لیے ہیں۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعدمصوم کی لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید جانچ کی جا رہی ہے تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ یمنا ندی کے کئی مقامات پر پانی کی گہرائی اور تیز بہاؤ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہریوں، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر محفوظ مقامات پر نہانے سے گریز کریں اور ندی یا نہروں کے قریب جاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں تاکہ ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

