نئی دہلی: وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس نے پیر کے روز یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں خام تیل کی کوئی کمی نہیں ہے اور پورے ہندوستان میں ایندھن کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے۔ وزارت پیٹرولیم و قدرتی گیس میں جوائنٹ سکریٹری (مارکیٹنگ و آئل ریفائنری) سجاتا شرما نے اس حوالے سے کہا کہ خام تیل وافر مقدار میں دستیاب ہے اور تمام ریفائنریاں اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا: ’’خام تیل کافی مقدار میں موجود ہے۔ تمام ریفائنریاں اپنی زیادہ سے زیادہ صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پٹرول پمپ معمول کے مطابق چل رہے ہیں اور کہیں بھی ایندھن ختم ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔‘‘ ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ علاقوں میں ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے جا رہے تھے۔ وزارت نے واضح کیا کہ پیٹرولیم کی سپلائی چین پوری طرح فعال ہے اور پٹرول و ڈیزل کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ حکام کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ ریٹیل آؤٹ لیٹس پر ایندھن کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنائی جا سکے۔
ایل پی جی بردار جہاز مندرہ بندرگاہ کے قریب
ادھر وزارت جہاز رانی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایل پی جی لے جانے والا بھارتی پرچم بردار جہاز شوالک جلد ہی مندرہ بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگا۔ وزارت جہاز رانی کے افسر راجیش کمار سنہا نے بتایا کہ شوالک جہاز خلیج فارس سے روانہ ہو کر آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے اور بھارت کی جانب رواں دواں ہے۔ ان کے مطابق جہاز کے پہنچنے سے قبل بندرگاہ پر تمام ضروری دستاویزی کارروائی اور ترجیحی برتھنگ کا انتظام کر لیا گیا ہے تاکہ سامان اتارنے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خلیج فارس کے علاقے میں موجود تمام بھارتی ملاح محفوظ ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ اس وقت 22 بھارتی پرچم بردار جہاز اور 611 بھارتی ملاح آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں موجود ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ سنہا نے بتایا کہ ایک اور بھارتی پرچم بردار جہاز جگ لاڈکی جو متحدہ عرب امارات سے 14 مارچ کو روانہ ہوا تھا، تقریباً 81 ہزار ٹن خام تیل لے کر محفوظ طریقے سے بھارت کی طرف آ رہا ہے اور کل مندرہ بندرگاہ پہنچنے کی توقع ہے۔
آبنائے ہرمز کے معاملے پر ایران سے بات چیت
دریں اثنا، وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اس سے قبل کہا تھا کہ بھارت اہم سمندری راستے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے کے لیے ایران کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی تیل تجارت کے تقریباً 20 فیصد حصے کو سنبھالتی ہے۔ فنانشل ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جے شنکر نے کہا کہ یہ مذاکرات پہلے ہی کچھ مثبت نتائج دے رہے ہیں اور بھارت کے لیے بہتر یہی ہے کہ تہران کے ساتھ رابطہ اور تعاون کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی پرچم بردار جہاز شوالک اور نندا دیوی کی حالیہ محفوظ گزرگاہ اس سفارتی حکمت عملی کی عملی کامیابی ہے۔ یہ جہاز تقریباً 92,712 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر بھارت کی بندرگاہوں مندرہ اور کنڈلا کی طرف روانہ ہیں۔ تاہم جے شنکر نے واضح کیا کہ ابھی تک تمام بھارتی پرچم بردار جہازوں کے لیے کوئی عمومی یا مستقل انتظام نہیں ہوا ہے اور فی الحال ہر جہاز کی آمد و رفت کو الگ الگ بنیادوں پر طے کیا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



