آپریشن سندور کے بعد ہندوستان کے فوجی اڈوں پر اعلیٰ سیاسی قیادت اور مسلح افواج کے اعلیٰ افسران کے اعلیٰ سطحی دوروں کو جاری رکھتے ہوئے جنرل انل چوہان، چیف آف ڈیفنس اسٹاف (CDS) اور جنرل اوپیندر دویدی نے پیر کو مختلف فوجی اڈوں اور کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر اعظم اور وزیر دفاع پہلے ہی فوجی اڈوں اور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کر چکے ہیں۔
سی ڈی ایس نے بڑھایا فوجیوں کا حوصلہ
وزارت دفاع (ایم او ڈی) نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دورہ مسلح افواج کے حوصلے کو بڑھانے کے لیے تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے ’’چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس)، جنرل انل چوہان نے پیر کو تزویراتی طور پر اہم سورت گڑھ ملٹری اسٹیشن اور نالیہ ایئر فورس اسٹیشن کا دورہ کیا۔‘‘ وزارت دفاع نے مزید کہا کہ CDS نے فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی اور حفاظتی چیلنجوں کے پیش نظر آپریشنل تیاری اور لچک کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے اہلکاروں کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کی بھی تعریف کی اور مستقبل کے خطرات کا موثر جواب دینے کی ان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس دورے میں سی ڈی ایس کے ساتھ لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ، آرمی کمانڈر ساؤتھ ویسٹرن کمان اور ایئر مارشل ناگیش کپور، ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف، ساؤتھ ویسٹرن ایئر کمانڈ بھی موجود تھے۔ آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کی مثالی ہمت کے اعتراف میں اس دورے کو فخر کے جذبے کے ساتھ نشان زد کیا گیا۔ سی ڈی ایس انل چوہان نے دورے کے دوران سینئر فوجی کمانڈروں کے ساتھ تزویراتی بات چیت بھی کی۔اپنے خطاب کے دوران انھوں نے انٹر سروس ہم آہنگی کی تعریف کی۔ جنرل چوہان نے ایسے نازک حالات میں فوجی اور سول ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مقامی سول انتظامیہ کی حمایت کے لیے ان کی بھی تعریف کی۔
آرمی چیف نے بھی کیا کونارک کور کا دورہ
وہیں چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) جنرل اوپیندر دویدی نے پیر کو صحرائی سیکٹر میں کونارک کور کے آگے والے علاقوں میں لونگے والا کا دورہ کیا تاکہ آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کو ان کے مثالی کردار کے لیے مبارکباد دی جائے اور ہندوستانی فضائیہ اور بارڈر سیکورٹی فورس کے ساتھ مل کر کی گئی مشترکہ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ہندوستانی فوج کے مطابق، جیسلمیر سے لے کر کچھ کے علاقے تک پھیلے ہوئے صحراؤں میں ہندوستانی فوج، ہندوستانی فضائیہ اور بی ایس ایف کی جانب سے تیز اور مربوط آپریشنل ردعمل دیکھنے میں آیا۔
کونارک کور کے سپاہیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران آرمی چیف نے انھیں پرجوش شاباشی دی اور بین الاقوامی سرحد کے دفاع میں ان کی بہادری، غیر متزلزل عزم اور حوصلے کا اعتراف کیا۔ انگوں نے فوجیوں کی چوکس کارروائیوں کی تعریف کی، جس میں دشمن کے ڈرون حملوں کو کامیابی سے بے اثر کرنا بھی شامل ہے۔ جنرل دویدی نے کمانڈروں اور یونٹوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل منصوبوں کو مربوط طریقے سے انجام دینے کی بھی تعریف کی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
