فائل فوٹو (پی ٹی آئی)
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز پہلگام دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں کل بروز جمعرات ایک کل جماعتی اجلاس (آل پارٹی میٹنگ) طلب کی ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیاسی جماعتوں کو بھیجے گئے دعوتی خط کی ایک کاپی شیئر کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’پہلگام حملے کے بعد میں نے کل دوپہر کو ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ میں نے تمام بڑی سیاسی جماعتوں، جموں و کشمیر کے تمام معزز ممبران پارلیمنٹ اور جے اینڈ کے اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کو دعوت نامے بھیجے ہیں۔‘‘
In the aftermath of the attack in Pahalgam I’ve called an all party meeting tomorrow afternoon. I have sent out letters of invitation to all major political parties, all honourable members of parliament from J&K & the leader of opposition in the J&K assembly. pic.twitter.com/05ouAN7IqD
— Omar Abdullah (@OmarAbdullah) April 23, 2025
عمر عبداللہ کی جانب سے شیئر کیے گئے خط کے مطابق یہ میٹنگ جمعرات کو سہ پہر 3:00 بجے سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقد کی جائے گی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ’’پہلگام میں کل ہونے والے ہولناک حملے کے بعد میں بھاری دل کے ساتھ آپ کو لکھ رہا ہوں۔ جانوں کے نقصان اور بے گناہ شہریوں پر ہونے والی اذیت نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ یہ محض ایک علاقے یا پارٹی کے لیے المیہ نہیں ہے بلکہ یہ جموں و کشمیر کی روح پر ایک زخم ہے۔‘‘
عمر عبداللہ نے مزید لکھا ’’اس افسوسناک لمحے میں، میں سمجھتا ہوں کہ یہ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ ہم عوام کے نمائندوں اور جمہوری اقدار کے نگہبان کے طور پر اپنی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر اکٹھے ہوں اور ردعمل میں متحد ہوں۔ لہٰذا میں صورت حال پر تبادلۂ خیال کے لیے ایک آل پارٹی میٹنگ بلا رہا ہوں۔‘‘
مرکزی حکومت بھی بلا سکتی ہے آل پارٹی میٹنگ
دریں اثنا راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مرکز پر بھی زور دیا کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک اجتماعی عزم پیدا کرنے کے مقصد سے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائے۔ وزیر اعظم مودی آج شام چھ بجے سی سی ایس کا اجلاس کریں گے۔ اس اجلاس میں پہلگام حملے کی جوابی کارروائی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سی سی ایس کے اجلاس کے بعد حکومت ایک کل جماعتی اجلاس (آل پارٹی میٹنگ) بھی طلب کر سکتی ہے، جس میں سی سی ایس میں لیے گئے فیصلوں اور حکومت کے منصوبوں پر تمام پارٹیوں کو بریف کیا جائے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔





