وزیر اعظم مودی 10 جون 2026 کو آزاد بھارت کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بن گئے۔ اس تاریخی موقع پر کرن سنگھ نے ایک معروف اخبار میں اداریہ لکھتے ہوئے وزیراعظم مودی کے دورِ حکومت کو ملک کی ترقی کا ایک غیر معمولی عہد قرار دیا۔
کرن سنگھ نے اپنے اداریہ میں لکھی یہ باتیں
کرن سنگھ نے لکھا کہ 10 جون 2026 بھارت کی جمہوری تاریخ کا ایک اہم دن بن گیا، جب نریندر مودی مسلسل مدتِ اقتدار کے اعتبار سے ملک کے سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے منتخب وزیراعظم بنے۔اپنے مضمون میں انہوں نے پنڈت جواہر لال نہرو اور اندرا گاندھی کے ساتھ اپنے طویل تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نہرو کو ایک زخمی تہذیب ورثے میں ملی تھی، جبکہ مودی کو ایک بالکل مختلف بھارت ملا، جہاں آبادی 34 کروڑ سے بڑھ کر 146 کروڑ ہو چکی ہے اور ووٹروں کی تعداد 11 کروڑ سے بڑھ کر 83 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزیراعظم مودی کی قیادت میں بھارت کی معاشی ترقی
کرن سنگھ نے وزیراعظم مودی کی قیادت میں بھارت کی معاشی ترقی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ کووڈ-19 وبا، عالمی مہنگائی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کے باوجود مودی حکومت نے مضبوط اقتصادی نمو برقرار رکھی۔ سوچھ بھارت مشن، اجولا یوجنا، دیہی علاقوں کی بجلی کاری، رہائشی اسکیموں، شمسی توانائی اور غذائی تحفظ جیسے پروگراموں نے کروڑوں غریب افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آئی آئی ٹی، ایمس اور آئی آئی ایم جیسے اداروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح شاہراہوں، ہوائی اڈوں، ریلوے کی جدیدکاری اور ڈیجیٹل رابطوں نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تصویر بدل دی ہے۔
خارجہ پالیسی اور مودی حکومت
خارجہ پالیسی کے حوالے سے کرن سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں بھارت عالمی سطح پر ایک مضبوط آواز کے طور پر ابھرا ہے اور ’گلوبل ساؤتھ‘ میں اس کی قیادت کا کردار مزید مستحکم ہوا ہے۔ سینئر کانگریسی لیڈر نے بعض فیصلوں کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوٹ بندی اور آرٹیکل 370 کی منسوخی جیسے اقدامات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت آراء سامنے آئیں، لیکن وزیراعظم مودی نے اپنے اہداف کے حصول کے لیے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا۔کرن سنگھ کے مطابق وزیراعظم مودی کی سب سے بڑی خصوصیت عوام کے ساتھ ان کا براہِ راست رابطہ ہے۔ انہوں نے لکھا، ’’نریندر مودی نے بھارتی سیاست کی لغت بدل دی ہے۔ آزادی کے بعد بہت کم لیڈر ایسے گزرے ہیں جو ووٹروں کے ساتھ اتنا مضبوط اور براہِ راست تعلق قائم کر سکے ہوں۔‘‘
اپنے مضمون کے اختتام پر کرن سنگھ نے مستقبل کے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے، تعلیم کے معیار میں بہتری، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ماحولیات کے تحفظ اور جامع ترقی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برس بھارت کو طاقت، خوشحالی، علم، ہمدردی اور قومی یکجہتی کے میدانوں میں مزید آگے لے جائیں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


