پنجاب میں شرومنی اکالی دل اوربی جے پی کے درمیان دوبارہ اتحاد کی قیاس آرائیوں کے درمیان پنجاب بی جے پی کے صدرکیول سنگھ ڈھلوں نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے اتحاد کی تمام قیاس آرائیوں کومسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی پنجاب میں کسی بھی پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اورریاست کی تمام 117 اسمبلی نشستوں پراکیلے الیکشن لڑے گی۔ کیول سنگھ ڈھلوں نے کہا کہ بی جے پی کو پنجاب کے دیہی علاقوں میں بھی بھرپورعوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کانگریس اورعام آدمی پارٹی کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام نے کانگریس، شرومنی اکالی دل اورعام آدمی پارٹی کی حکومتیں بنا کردیکھ لی ہیں، اب وہ بی جے پی کو موقع دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 22 ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں، لیکن پنجاب میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے۔ اسی وجہ سے پنجاب ترقی کے معاملے میں پیچھے رہ کر22ویں نمبرپرپہنچ گیا ہے۔
تمام 117 سیٹوں پرالیکشن لڑے گی بی جے پی
اس سے پہلے پیرکوبی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری (تنظیم) بی ایل سنتوش نے بھی کہا تھا کہ بی جے پی پنجاب کی تمام 117 اسمبلی نشستوں پراکیلے الیکشن لڑے گی۔ انہوں نے پنجاب میں پارٹی کی تنظیمی صورت حال اورآئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اپنا دوروزہ دورہ شروع کیا۔ بی ایل سنتوش نے پٹیالہ اوربھٹنڈا میں پارٹی کارکنوں کی دوزونل میٹنگوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ زمینی سطح پرپارٹی کو مزید مضبوط کریں اورآئندہ انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے پوری طاقت سے کام کریں۔ پٹیالہ میں پارٹی کی جانب سے جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق، بی ایل سنتوش نے کہا کہ پنجاب تبدیلی کے لیے تیارہے اوراس تبدیلی میں بی جے پی اہم کردارادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس تبدیلی کوحقیقت میں بدلنے کے لیے پوری طرح تیارہے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی پنجاب کی تمام 117 نشستوں پرانتخاب لڑے گی اورکامیابی حاصل کرکے ریاست میں اپنی حکومت بنائے گی۔
سکھبیربادل اوروزیراعظم مودی کی ملاقات کے بعد قیاس آرائیاں تیز
کیول سنگھ ڈھلوں اوربی ایل سنتوش کے یہ بیانات شرومنی اکالی دل کے صدرسکھبیرسنگھ بادل کی 7 اگست کودہلی میں وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات کے چند دن بعد سامنے آئے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد اکالی دل اوربی جے پی کے درمیان ایک بارپھراتحاد ہونے کی قیاس آرائیوں نے زورپکڑلیا تھا۔ دراصل 2020 میں تین متنازع زرعی قوانین کے معاملے پراکالی دل نے بی جے پی سے اپنے تعلقات ختم کرلیے تھے۔ اس کے ساتھ ہی 1997 میں شروع ہونے والا دونوں پارٹیوں کا 23 سال پرانا اتحاد بھی ختم ہوگیا تھا۔ اس اتحاد کے دوران 1997، 2007 اور2012 میں پنجاب میں اکالی دل اوربی جے پی کی مشترکہ حکومتیں بنی تھیں۔ تاہم، موجودہ بی جے پی قیادت کے تازہ بیانات سے فی الحال ان قیاس آرائیوں پربریک لگ گیا ہے کہ دونوں پارٹیاں آئندہ پنجاب اسمبلی انتخابات 2027 میں دوبارہ اتحاد کرسکتی ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
