Bharat Express DD Free Dish

BJD and BRS to Abstain from VP Poll: بی جے ڈی اور بی آر ایس نے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں ووٹنگ سے گریز کا کیا اعلان، این ڈی اے کے خیمے میں خوشی تو کانگریس چراغ پا

تاہم کانگریس نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے ڈی کا غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ دراصل این ڈی اے امیدوار کی حمایت کے مترادف ہے۔

بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) اور بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے 9 ستمبر کو ہونے والے نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب میں ووٹنگ میں حصہ نہ لینے فیصلہ کیا ہے، جس سے این ڈی اے امیدوار سی پی رادھا کرشنن کے جیتنے کے امکانات کو مزید تقویت ملی ہے۔ این ڈی اے کا مقابلہ انڈیا بلاک کے حمایت یافتہ ریٹائرڈ جسٹس بی سدھیر ریڈی سے ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ نے پیر کو اعلان کیا کہ ان کی جماعت کسانوں کی ناراضگی کے اظہار کے طور پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لے گی۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں یوریا کی شدید قلت کے باوجود بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی مسئلے کو حل کرنے میں ناکام رہے ہیں، جس کی وجہ سے کسانوں کو کھاد کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے پاس راجیہ سبھا میں چار ارکان ہیں، جب کہ لوک سبھا میں اس کی کوئی نمائندگی نہیں ہے۔

وہیں بی جے ڈی نے اپنے فیصلے کو قومی سیاست میں ’’بی جے پی اور کانگریس دونوں سے یکساں فاصلہ رکھنے‘‘ کی پالیسی کا حصہ قرار دیا۔ پارٹی کے ایم پی ایس پاترا نے کہا کہ ’’بی جے ڈی صدر نوین پٹنائک نے سینئر لیڈران اور سیاسی امور کی کمیٹی سے مشورے کے بعد فیصلہ کیا کہ پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ووٹنگ سے غیر حاضر رہیں گے۔ ہماری مکمل توجہ ریاست کی ترقی اور 4.5 کروڑ عوام کی خدمت پر مرکوز ہے۔‘‘

یہ فیصلہ بی جے پی کی مدد کرنے کے مترداف: کانگریس

تاہم کانگریس نے اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے ڈی کا غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ دراصل این ڈی اے امیدوار کی حمایت کے مترادف ہے۔ اوڈیشہ سے واحد کانگریس ایم پی سپتاگیری اولا نے کہا کہ ’’جسٹس بی سدھیر ریڈی صرف کانگریس کے نہیں، بلکہ ملک کے ممتاز قانونی ماہر ہیں۔ اگر بی جے ڈی ان کے حق میں ووٹ دیتی تو اس سے ان کی غیرجانبداری کی پالیسی متاثر نہ ہوتی۔ ابھی بھی وقت ہے کہ نوین بابو اس فیصلے پر دوبارہ غور کریں۔‘‘ وہیں اوڈیشہ کانگریس کے صدر بھکت چرن داس نے کہا کہ ’’ووٹنگ سے غیر حاضر رہنا بی جے پی کی حمایت کے مترادف ہے۔ نوین پٹنائک نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ بی جے ڈی اور بی جے پی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read