
مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ گجرات کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انھوں نے آج بھج ایئربیس پہنچ کر فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ انھوں نے فوجیوں کو آپریشن سندور کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ’’میں آج آپ کے درمیان آپ کو مبارکباد دینے آیا ہوں۔ آپ لوگوں نے آپریشن سندور میں واقعی ایک معجزاتی کام کیا ہے اور آپ نے پوری دنیا میں ہندوستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔‘‘
میں شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے آیا ہوں: راج ناتھ سنگھ
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’’میں آپریشن سندور کے دوران شہید ہونے والے اپنے تمام فوجیوں اور شہریوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور میں زخمی ہونے والے ہمارے بہادر فوجیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خدا سے دعا کرتا ہوں‘‘۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں کہ ہماری فضائیہ کی پاکستان کے کونے کونے تک رسائی ہے اور یہ بات پوری طرح سے ثابت ہو چکی ہے۔
انھوں نے مزید کہا ’’آج صورت حال ایسی ہے کہ ہندوستان کے لڑاکا طیارے بغیر سرحد پار کیے یہاں سے پاکستان کے ہر کونے پر براہ راست حملہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں، پوری دنیا نے دیکھا ہے کہ آپ نے کس طرح پاکستانی سرزمین پر 9 اڈے تباہ کر دیے۔ بعد میں کی گئی کارروائیوں میں آپ نے ان کے کئی ایئر بیس تباہ کر دیے۔ آپ نے اس بار وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نئے بھارت کا پیغام پوری دنیا تک پہنچا دیا ہے۔‘‘
پوری دنیا نے سنی ہماری میزائلوں کی گونج : راج ناتھ سنگھ
بھج ایئر بیس پر وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ’’آپریشن سندور کا نام ہمارے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے رکھا تھا… آپ نے آپریشن سندور کے دوران جو کچھ کیا اس پر تمام ہندوستانیوں کو فخر ہے۔ پاکستانی سرزمین پر دہشت گردی کے اجگر کو کچلنے کے لیے ہندوستانی فضائیہ کے لیے 23 منٹ کافی تھے… آپ نے دشمن کی سرزمین پر میزائل گرائے، آپ کے میزائلوں کی گونج صرف ہندوستان تک ہی محدود نہیں تھی، بلکہ پوری دنیا نے سنی۔ وہ گونج آپ کی ہمت اور بہادری کی تھی۔‘‘
آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا: راج ناتھ سنگھ
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ’’آپ نے پاکستان میں موجود دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف موثر کارروائی کی ہے لیکن پاکستان تباہ شدہ دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو دوبارہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے… مجھے یقین ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے ملنے والی رقم کا ایک بڑا حصہ اپنے ملک میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے پر خرچ کرے گا… ہندوستان چاہتا ہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کو دی جانے والی فنڈنگ پر نظر ثانی کرے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اب تک جو کچھ بھی ہوا وہ بس ایک ٹریلر تھا۔ جب صحیح وقت آئے گا تو ہم دنیا کو پوری فلم دکھا دیں گے۔‘‘
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔