نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ 21 اکتوبر کو نئی دہلی کے نیشنل پولیس میموریل میں پولیس یادگاری دن کے موقع پر شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ اس موقع پر وہ تقریباً 90 پولیس اہلکاروں پر مشتمل موٹر سائیکل ریلی کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ وزارت داخلہ کے مطابق اس ریلی میں مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں، جن میں جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، اتر پردیش، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی شامل ہیں، کے پولیس اہلکار حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ مرکزی مسلح پولیس فورسز، یعنی سی آر پی ایف، سی آئی ایس ایف، بی ایس ایف، ایس ایس بی، آئی ٹی بی پی اور این ایس جی کے اہلکار بھی ریلی میں شریک ہوں گے۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) اور قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے نمائندے بھی اس میں حصہ لیں گے۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ یہ موٹر سائیکل ریلی ملک گیر مہم کا حصہ ہے، جس کا موضوع ’منشیات کے خلاف جنگ‘ ہے۔ اس مہم کے تحت تمام ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور مرکزی فورسز کے پولیس رائیڈرز گجرات کے ایکتا نگر پہنچیں گے، جہاں 31 اکتوبر کو منعقد ہونے والی ’ایکتا پریڈ‘ میں شرکت کریں گے۔
1959 میں 10 پولیس اہلکاروں نے دی تھی قربانی
پولیس یادگاری دن ہر سال 21 اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔ 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے ہاٹ اسپرنگس علاقے میں بھاری ہتھیاروں سے لیس چینی فوجیوں کے گھات لگا کر کیے گئے حملے میں 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ ان اہلکاروں کی قربانی کی یاد میں ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔ پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور قومی سلامتی و سالمیت کے تحفظ میں ان کے اہم کردار کے اعتراف کے طور پر وزیر اعظم نے 2018 میں پولیس یادگاری دن کے موقع پر چانکیہ پوری، نئی دہلی میں واقع نیشنل پولیس میموریل قوم کے نام وقف کیا تھا۔ یہ یادگار پولیس فورسز میں قومی شناخت، فخر، اتحاد، مشترکہ تاریخ اور مشترکہ مقصد کے احساس کو مضبوط کرتی ہے۔ ساتھ ہی یہ اس عزم کو بھی تازہ کرتی ہے کہ پولیس اہلکار ضرورت پڑنے پر اپنی جان کی قربانی دے کر بھی ملک کی حفاظت کریں گے۔
’وال آف ویلیئر‘ اور میوزیم پولیس میموریل کا حصہ
نیشنل پولیس میموریل میں ایک مرکزی مجسمہ، ’وال آف ویلیئر‘ یعنی دیوارِ شجاعت اور ایک میوزیم شامل ہیں۔ مرکزی مجسمہ 30 فٹ بلند گرینائٹ پتھر سے بنا یادگاری ستون ہے، جو پولیس اہلکاروں کی طاقت، ثابت قدمی اور بے لوث خدمات کی علامت ہے۔ دیوارِ شجاعت پر آزادی کے بعد سے دورانِ ڈیوٹی اپنی جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کے نام درج ہیں۔ یہ دیوار ان کی بہادری اور قربانی کے اعتراف کی علامت ہے۔ میوزیم کو ہندوستان میں پولیسنگ کی تاریخ پر مبنی ایک ایسے نمائش گاہ کے طور پر تیار کیا گیا ہے، جس میں وقت کے ساتھ پولیس کے کردار اور خدمات سے متعلق معلومات کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ یہ یادگار پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں، دونوں کے لیے عقیدت اور احترام کا مقام ہے۔ نیشنل پولیس میموریل پیر کے علاوہ ہر روز عوام کے لیے کھلا رہتا ہے۔ مرکزی مسلح پولیس فورسز ہر ہفتے ہفتہ اور اتوار کی شام غروبِ آفتاب سے ایک گھنٹہ قبل یہاں بینڈ ڈسپلے، پریڈ اور اختتامی تقریب کا اہتمام کرتی ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ اجتماع سے کریں گے خطاب
وزارت داخلہ کے مطابق، گزشتہ برسوں کی روایت کے مطابق 21 اکتوبر کو ملک بھر میں پولیس یادگاری دن منایا جائے گا۔ مرکزی تقریب نئی دہلی کے نیشنل پولیس میموریل میں ہوگی، جہاں مرکزی مسلح پولیس فورسز اور دہلی پولیس کی مشترکہ پریڈ منعقد کی جائے گی۔ روایت کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ تقریب کی صدارت کریں گے اور اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ، پولیس پس منظر رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ، مرکزی مسلح پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کے سربراہان سمیت دیگر شخصیات شہید اہلکاروں کی یاد میں پھولوں کی چادریں پیش کریں گی۔ ریٹائرڈ ڈائریکٹر جنرل، پولیس افسران اور دیگر معزز شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔ تقریب کا اختتام ہاٹ اسپرنگس کے شہدا کے لیے مختص یادگاری مقام پر امت شاہ کی جانب سے پھولوں کی چادر پیش کرنے کے ساتھ ہوگا۔
22 سے 30 اکتوبر تک یادگاری پروگرام
پولیس اہلکاروں کی قربانیوں اور خدمات کو یاد کرنے کے لیے 22 سے 30 اکتوبر تک نیشنل پولیس میموریل میں مرکزی مسلح پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کی جانب سے مختلف پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں میں شہدا کے اہل خانہ کے دورے، پولیس بینڈ کی پیش کش، موٹر سائیکل ریلیاں، ’رن فار مارٹرس‘، خون عطیہ کرنے کے کیمپ، بچوں کے لیے مضمون نویسی اور مصوری کے مقابلے اور پولیس اہلکاروں کی بہادری، قربانی اور خدمات پر مبنی ویڈیو فلموں کی نمائش شامل ہوگی۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ اس مدت کے دوران ملک بھر کی پولیس فورسز بھی اسی نوعیت کے یادگاری پروگرام منعقد کریں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


