آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے وقف قانون سے متعلق احتجاجی پروگرام کو تین دنوں کے لئے ملتوی کردیا ہے۔
نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے جموں وکشمیر کے مشہورسیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے وقف ترمیمی قانون 2025 کے خلاف جاری اپنے احتجاجی پروگرام کو تین دن کے لیے معطل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پرسنل لا بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ان افراد کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت اوریکجہتی کے طورپرکیا گیا ہے، جو اس المناک واقعہ میں جاں بحق یا شدید زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں تقریباً 28 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 20 سے زائد شدید زخمی ہوئے۔ جان گنوانے والے افراد وہ سیاح تھے، جواس علاقے کی خوبصورتی دیکھنے آئے تھے۔ مسلم پرسنل لا بورڈ کے مطابق یہ حملہ نہایت افسوسناک، دل دہلا دینے والا اور قابل مذمت ہے۔ مجلسِ عمل برائے تحفظ اوقاف کے قومی کنوینراوربورڈ کے ترجمان ڈاکٹرقاسم رسول الیاس نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اورسوگ کے اظہار کے طورپریہ احتجاجی مہم تین دن کے لیے ملتوی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقف تحفظ مہم کے تحت ملک گیرسطح پرجومظاہرے اورعوامی اجتماعات جاری تھے، ان پر23 اپریل سے تین دنوں کے لئے مکمل روک لگا دی گئی ہے۔
تین دنوں کے بعد مہم معمول کے مطابق شروع ہوجائے گی
ڈاکٹرقاسم رسول الیاس نے ایک سرکلرکے ذریعہ تمام ریاستی اورضلعی کنوینروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طورپرتمام احتجاجی سرگرمیوں کو روک دیں اوراس وقفے کا مقصد صرف اورصرف متاثرین کے غم میں شریک ہونا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ تین دنوں کے بعد یہ مہم اپنے معمول کے مطابق دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اپنے بیان میں حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وادی میں امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے مؤثراقدامات کیے جائیں اوران عناصرکوکیفرکردارتک پہنچایا جائے جوبے گناہ انسانی جانوں کے دشمن ہیں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس واقعہ کوایک قومی سانحہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پورا ملک متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اورہرذی شعورفرد کا فرض ہے کہ وہ ایسے وقت میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورانسانیت کا مظاہرہ کرے۔ بیان کے آخرمیں تمام مذہبی، سماجی اور فلاحی اداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرین کے لیے دعا کریں اوران کی مدد میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔ مزید یہ کہ مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس موقع پرمیڈیا سے گزارش کی کہ وہ اس حملے کے تناظرمیں اشتعال انگیزبیانات سے گریزکرے اورصحافتی ذمہ داریوں کو مدنظررکھتے ہوئے یکجہتی کو فروغ دے۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


