ممبئی: مہاراشٹر کے بارامتی میں منگل کی صبح ایک طیارہ حادثے میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی موت ہو گئی۔ اجیت پوار سمیت طیارے میں سوار تمام افراد کی موت ہو گئی۔ اس خبر کے سامنے آتے ہی ریاست اور ملک کی سیاست میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔
مہاراشٹر کی سیاست میں ’دادا‘ کے نام سے مشہور اجیت پوار کو اقتدار اور تنظیم، دونوں میں مضبوط گرفت رکھنے والا لیڈر مانا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنے چچا اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی سرپرستی میں سیاست میں قدم رکھا اور آہستہ آہستہ خود کو ریاستی سیاست کے ایک بڑے چہرے کے طور پر منوایا۔
22 جولائی 1959 کو احمد نگر میں ہوئی تھی پیدائش
اجیت پوار کی پیدائش 22 جولائی 1959 کو مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع کے دیولالی پروارا میں ہوئی۔ وہ شرد پوار کے بڑے بھائی اننت راؤ پوار کے بیٹے تھے۔ ان کے والد معروف ’راج کمل اسٹوڈیو‘ میں کام کرتے تھے۔ اجیت پوار کی شادی سنیترہ پوار سے ہوئی اور ان کے دو بچے ہیں، جن کے نام پارتھ پوار اور جئے پوار ہیں۔
بارامتی کے ہائی اسکول سے حاصل کی ابتدائی تعلیم
انہوں نے بارامتی کے مہاراشٹر ایجوکیشن سوسائٹی ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ کالج کے زمانے میں ان کے والد کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد انہوں نے تعلیم چھوڑ دی اور پوری طرح سیاست کی طرف متوجہ ہو گئے۔
محض 20 برس کی عمر میں رکھ دیا سیاست میں قدم
اجیت پوار نے سال 1982 میں محض 20 برس کی عمر میں سیاست میں قدم رکھا۔ ابتدا میں انہوں نے ایک کوآپریٹو شوگر مل کے بورڈ کا انتخاب لڑا۔ اس کے بعد 1991 میں وہ پونے سینٹرل کوآپریٹو بینک کے صدر بنے اور تقریباً 16 برس تک اس عہدے پر فائز رہے۔
1991 میں جیتا بارامتی حلقے سے لوک سبھا انتخاب
اسی سال 1991 میں انہوں نے بارامتی پارلیمانی حلقے سے لوک سبھا کا انتخاب جیتا، لیکن بعد میں یہ نشست اپنے چچا شرد پوار کے لیے چھوڑ دی۔ اس کے بعد شرد پوار مرکزی سیاست میں سرگرم ہو گئے اور اجیت پوار نے مہاراشٹر کی سیاست کی کمان سنبھالنی شروع کی۔
1995 میں بنے بارامتی اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی
اجیت پوار پہلی بار 1995 میں بارامتی اسمبلی سیٹ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے 1995، 1999، 2004، 2009، 2014، 2019 اور 2024 میں مسلسل کامیابیاں حاصل کیں۔ بارامتی کو پوار خاندان کا گڑھ مانا جاتا ہے اور اس علاقے سے ان کا گہرا تعلق رہا۔ حکومت میں رہتے ہوئے انہوں نے زراعت، توانائی، منصوبہ بندی، دیہی ترقی اور آبی وسائل جیسے اہم محکمے سنبھالے۔ کرشنا وادی اور کونکن آبپاشی منصوبوں کی ذمہ داری بھی ان کے پاس رہی۔
لوگ اجیت پوار کو محبت سے پکارتے تھے ’دادا‘
بارامتی خطے کی ترقی، زرعی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور کوآپریٹو اداروں کو آگے بڑھانے کا سہرا بھی انہیں دیا جاتا ہے۔ عوام انہیں محبت سے ’دادا‘ کہہ کر پکارتی تھی۔ 2024 کے انتخابات میں یہاں ’پوار بمقابلہ پوار‘ کی لڑائی دیکھنے کو ملی، جس میں اجیت پوار نے اپنے بھتیجے یوگیندر پوار کو بھاری ووٹوں سے شکست دی۔
سب سے زیادہ مرتبہ نائب وزیر اعلیٰ بنے اجیت پوار
اجیت پوار ان لیڈران میں شامل تھے جو سب سے زیادہ مرتبہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ بنے۔ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ان کی پہلی مدت 10 نومبر 2010 سے 25 ستمبر 2012 تک رہی۔ دوسری مدت 25 اکتوبر 2012 سے 26 ستمبر 2014 تک، تیسری مدت 23 نومبر 2019 سے 26 نومبر 2019 تک، چوتھی مدت 30 دسمبر 2019 سے 29 جون 2022 تک، پانچویں مدت 2 جولائی 2023 سے 2024 تک رہی اور دسمبر 2024 سے وہ دیویندر فڈنویس اور ایکناتھ شندے کے ساتھ مہاراشٹر کے موجودہ نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر کام کر رہے تھے۔
بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی حکومت کی حمایت
سال 2023 میں اجیت پوار نے ایک بڑا سیاسی فیصلہ لیتے ہوئے اپنے چچا شرد پوار سے الگ راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے این سی پی کے کئی اراکین اسمبلی کے ساتھ بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی حکومت کی حمایت کی تھی۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
