اڈانی گروپ کی فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ (AEL) کی 34ویں سالانہ جنرل میٹنگ (AGM) بدھ کے روز منعقد ہوئی۔ اس سال میٹنگ کا موضوع ’’انفراسٹرکچر کی رفتار میں تیزی، جدید ذہانت سے بھرپور استفادہ‘‘ رکھا گیا، جس کے تحت گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے بھارت کے بنیادی ڈھانچے، توانائی کی سلامتی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور گروپ کی مستقبل کی ترقیاتی حکمتِ عملی پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انفراسٹرکچر اور تکنیک بنے ترقی کے دو اہم ستون
اپنے خطاب میں گوتم اڈانی نے کہا کہ آنے والے عشروں میں بھارت کی ترقی دو بنیادی ستونوں، یعنی انفراسٹرکچر اور انٹیلی جنس (ذہین ٹیکنالوجی) پر استوار ہوگی۔ ان کے مطابق اب بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی کو الگ الگ نہیں دیکھا جا سکتا، کیونکہ مصنوعی ذہانت (AI)، آٹومیشن، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ڈیٹا اینالیٹکس انفراسٹرکچر کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026 عالمی سطح پر توانائی کی سلامتی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں سخت مسابقت کا سال رہا، لیکن ان چیلنجز کے باوجود اڈانی گروپ نے اپنی توسیعی حکمتِ عملی کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھا۔ ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، یوٹیلیٹیز اور صنعتی مینوفیکچرنگ میں مسلسل سرمایہ کاری کے ذریعے گروپ دنیا کے سب سے بڑے مربوط انفراسٹرکچر پلیٹ فارم کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔
ایف وائی 26 میں 1.5 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری
گوتم اڈانی نے بتایا کہ مالی سال 2026 کے دوران گروپ نے بھارت کے انفراسٹرکچر شعبے میں 1.5 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی، جو ملک میں نجی شعبے کی جانب سے ہونے والی مجموعی نئی سرمایہ کاری کا 30 فیصد سے زیادہ حصہ بنتی ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف مالی کامیابی نہیں بلکہ بھارت کی ترقی پر گروپ کے طویل مدتی اعتماد کا اظہار ہے۔
ٹرانسمشن کاروبار میں مضبوط ہوئی پکڑ
انہوں نے کہا کہ اڈانی انرجی سلوشنز کا آرڈر بک بڑھ کر 72 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس دوران کمپنی کو کئی اہم منصوبے حاصل ہوئے، جن میں کھاوڑا-ساؤتھ اولپاڈ HVDC ٹرانسمیشن لائن نمایاں ہے، جو قابلِ تجدید توانائی کی طویل فاصلے تک مؤثر ترسیل میں اہم کردار ادا کرے گی۔اڈانی گروپ نے بھوٹان کی سرکاری پاور کمپنی ڈرک گرین پاور کارپوریشن (DGPC) کے ساتھ شراکت داری کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے مل کر 5,000 میگاواٹ صلاحیت کے ہائیڈرو پاور منصوبے تیار کریں گے۔
پانچ برسوں میں 45 گیگاواٹ تک بجلی پیدا وارکا ہدف
گوتم اڈانی نے مزید اعلان کیا کہ گروپ آئندہ پانچ برسوں میں اپنی بجلی پیدا کرنے کی مجموعی صلاحیت 45 گیگاواٹ تک پہنچانے کا ہدف رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ اڈانی پاور بھارت کے نجی شعبے کے سب سے بڑے پاور ایکسپینشن پروگرام پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت 2 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں توانائی کی سلامتی کسی بھی ملک کی ترقیاتی حکمتِ عملی کا مرکزی ستون بن چکی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مضبوط انفراسٹرکچر، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور توانائی کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری بھارت کو خود کفالت اور عالمی اقتصادی قیادت کی جانب مزید تیزی سے آگے بڑھائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


