Bharat Express DD Free Dish

A small change in diet can prevent diseases: خوراک میں معمولی سی تبدیلی سے بیماریوں سے بچاؤ ممکن، خوراک میں توازن درازی عمر کا سبب

روزانہ صرف 10 گرام اضافی نباتاتی تیل لینے سے کینسر سے موت کا خطرہ 11 فی صد اور دل و خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں سے موت کا خطرہ 6 فی صد کم ہو جاتا ہے۔

ایک نئی تحقیق کے مطابق نباتاتی تیل انسانی صحت کے لیے مکھن کے مقابلے میں کہیں زیادہ مفید ہیں، خصوصاً دائمی بیماریوں سے تحفظ اور طویل عمر کے حوالے سے۔ یہ تحقیق امریکی جریدے جاما انٹرنل میڈیسن میں شائع ہوئی اور نیو اٹلس ویب سائٹ نے اس کی تفصیلات بیان کیں۔ تحقیقی مطالعے میں دو لاکھ بیس ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ خوراک میں ایک معمولی تبدیلی بھی عمر دراز کرنے کے آسان طریقوں میں سے ایک ہو سکتی ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی، میساچوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور برِگھم اینڈ ویمنز ہسپتال کے محققین نے اس سلسلے میں 30 سالہ اعداد و شمار کا جائزہ لیا۔ ان سے یہ ثابت ہوا کہ جو افراد زیادہ مقدار میں مکھن کھاتے ہیں، ان میں موت کا خطرہ اُن افراد کی نسبت 15 فی صد زیادہ ہوتا ہے جو کم مقدار میں مکھن کھاتے ہیں۔

اس کے بر عکس، جن افراد نے زیادہ مقدار میں نباتاتی تیل، بالخصوص زیتون، کینولا اور سویا بین کے تیل کا استعمال کیا … ان میں موت کا خطرہ 16 فی صد کم دیکھا گیا۔ مزید یہ کہ روزانہ صرف 10 گرام اضافی نباتاتی تیل لینے سے کینسر سے موت کا خطرہ 11 فی صد اور دل و خون کی شریانوں سے متعلق بیماریوں سے موت کا خطرہ 6 فی صد کم ہو جاتا ہے۔

دوسری طرف، مکھن کے روزانہ 10 گرام اضافی استعمال سے کینسر سے موت کا خطرہ 12 فی صد بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں تمام ذرائع سے حاصل صورت میں مکھن کو شامل کیا جیسا کہ روٹی پر لگانا، تلنے کے لیے استعمال کرنا یا بیکری کی اشیاء میں شامل ہونا وغیرہ۔

محققین نے ایک اور تجزیہ بھی کیا، جس میں یہ دیکھا گیا کہ اگر مکھن کو نباتاتی تیل سے بدل دیا جائے تو روزانہ کی خوراک میں اس تبدیلی کا موت کے خطرے پر کیا اثر ہوتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ صرف 10 گرام (تقریباً تین چوتھائی کھانے کا چمچ) مکھن کو اتنی ہی مقدار کے نباتاتی تیل سے بدلنے سے کینسر اور مجموعی اموات کی شرح 17 فی صد تک کم ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اس فرق کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ نباتاتی تیل میں غیر سیرشدہ چکنائی (unsaturated fats) زیادہ ہوتی ہے، جب کہ مکھن میں سیرشدہ چکنائی (saturated fats) پائی جاتی ہے، جو کہ نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) کو بڑھا کر دل کی بیماریوں اور فالج کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

تحقیق کے مرکزی محقق یو چانگ کے مطابق یہ بات حیران کن ہے کہ صرف مکھن کو نباتاتی تیل سے بدلنے سے موت کا خطرہ 17 فی صد تک کم ہو جاتا ہے، اور اس کا صحت پر “بہت بڑا اثر” ہو سکتا ہے۔ ان کے ساتھی ڈاکٹر ڈینیئل وانگ نے کہا کہ لوگ شاید اس سادہ تبدیلی پر غور کریں کہ صرف مکھن کی جگہ سویا بین یا زیتون کا تیل استعمال کرنا طویل مدتی صحت کے لیے بڑا فائدہ دے سکتا ہے، اور اس سے بہت سے کینسر یا دائمی بیماریوں سے ہونے والی اموات کو روکا جا سکتا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read