وزیر اعظم نریندر مودی۔
وزیرِاعظم نریندر مودی نے جمعرات کو بھارت اور برطانیہ کے درمیان طے پانے والے آزادانہ تجارتی معاہدے (India-UK Free Trade Agreement) کو دونوں ممالک کے تعلقات میں ’’تاریخی دن‘‘ اور ’’مشترکہ خوش حالی کے لیے ایک خاکہ‘‘ قرار دیا۔ معاہدے پر دستخط لندن میں برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر کی موجودگی میں کیے گئے۔ معاہدے کے بعد وزیرِاعظم مودی نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’سب سے پہلے میں وزیراعظم اسٹارمر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انھوں نے نہایت گرمجوشی کے ساتھ ہمارا استقبال کیا اور شاندار مہمان نوازی کی۔‘‘
پی ایم مودی نے مزید کہا کہ ’’آج کا دن ہمارے دو طرفہ تعلقات کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ کئی سال کی محنت کے بعد ہمارے ممالک کے درمیان Comprehensive Economic and Trade Agreement کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ یہ معاہدہ صرف ایک اقتصادی شراکت داری کی راہ ہموار نہیں کرتا بلکہ ہماری مشترکہ خوش حالی کے لیے ایک روڈمیپ بھی فراہم کرتا ہے۔‘‘
ہمارے نوجوانوں، کسانوں، ماہی گیروں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کو ہوگا اس سے بڑا فائدہ: پی ایم مودی
واضح رہے کہ اس معاہدے کے تحت ہندوستانی مصنوعات جیسے ٹیکسٹائل، جوتے، جواہرات، سمندری خوراک، انجینئرنگ مصنوعات، زرعی اشیاء اور فوڈ پروسیسنگ اشیاء کو برطانوی منڈی میں بہتر رسائی حاصل ہوگی۔ وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ ’’ایک طرف ہندوستانی ٹیکسٹائل، جوتے، جواہرات، سمندری خوراک اور انجینئرنگ اشیاء کو برطانوی مارکیٹ میں بہتر رسائی حاصل ہوگی، وہیں ہندوستان کی زرعی مصنوعات اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کو بھی نئے مواقع میسر آئیں گے۔ یہ معاہدہ ہمارے نوجوانوں، کسانوں، ماہی گیروں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔‘‘
پی ایم مودی نے مزید کہا کہ ’’دوسری طرف ہندوستان کے لوگ اور صنعتیں برطانیہ میں تیار کردہ مصنوعات جیسے میڈیکل ڈیوائسز اور ایرو اسپیس کمپوننٹس کو اب زیادہ مناسب قیمت پر حاصل کر سکیں گے۔‘‘ واضح رہے کہ اس معاہدے کے مطابق ہندوستان کی طرف سے 99 فیصد ٹیرف لائنز پر محصولات میں کمی کی جائے گی، جو دو طرفہ تجارت کے تقریباً مکمل حجم کا احاطہ کرتی ہیں۔ اس سے برطانوی کمپنیوں کو بھارت میں اپنی مصنوعات، جیسا کہ سافٹ ڈرنکس، کاسمیٹکس، گاڑیاں اور میڈیکل آلات فروخت کرنے میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ خصوصی طور پر برطانوی وسکی کے لیے ٹیرف 150 فیصد سے کم کر کے فوری طور پر 75 فیصد اور اگلے 10 برسوں میں 40 فیصد تک کر دیا جائے گا۔
اس معاہدے کے ساتھ ہی دونوں ممالک نے UK-India Vision 2035 کا بھی اعلان کیا، جو دفاع، ٹیکنالوجی، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، اور قومی سلامتی کے شعبوں میں مزید تعاون کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ معاہدہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان نہ صرف معاشی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا ذریعہ بنے گا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک نئی شراکت داری کا مظہر ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




