ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے یوم پیدائش کے موقع پر تقریب میں ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
نئی دہلی: سابق صدرجمہوریہ اوربھارت رتن ڈاکٹراے پی جے عبد الکلام کے یوم پیدائش کے موقع پریاد میں وطن سماچارگروپ کی طرف سے دہلی کے پریس کلب آف انڈیا میں ایک پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مشہورصحافی اورسینئردفاعی معاملوں کے جانکارقمرآغا، جامعہ کوآپریٹیوبینک کے چیئرمین مرزا قمرالحسن بیگ ،آل انڈیایو نانی طبی کا نگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹرسید احمد خان، سماجی خدمت گارڈاکٹرمحمد تاج الدین انصاری، سماجی وفلاحی کارکن محمود خان، سماجی کارکن محمد طاہرصدیقی، ڈاکٹرزبید الرحمان بھائی (ببن میاں ) نے بطور خاص شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قمرآغا نے کہا کہ ڈاکٹرکلام نے اپنی زندگی میں محنت ومشقت کی، تبھی وہ آگے بڑھے، ڈاکٹرکلام نے جووژن اورنظریہ دیا تھا، اس پرہم عمل کرکے ہندوستان کوآگے لے جاسکتے ہیں۔ قمرآغا نے مزید کہا کہ جوقومیں حکومت پرمنحصرہوتی ہیں، وہ کبھی ترقی نہیں کرپاتی ہیں، اسی لئے ریزرویشن اورسرکاری اسکیموں اورفنڈ پرتوجہ سے زیادہ ضروری ہے کہ ہم آج دلتوں، آدیواسیوں کی حالت دیکھیں سوائے چند لوگوں کے کتنے لوگوں کا بھلا ہوا۔ ضروری ہے کہ قوم وملت کے لوگ اپنا فلاحی ایجنڈہ خود طے کریں اوراسے آگے بڑھائیں۔
مرزا قمرالحسن بیگ نے کہا کہ ڈاکٹر کلام ایک امام کے بیٹے تھے، اس کے باوجود انہوں نے جوعزت وترقی کی وہ بے حد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ موجودہ وقت میں ہم مذہبی توہو رہے ہیں، لیکن انسانی تقاضوں کو بھولتے جارہے ہیں اورانسانیت ختم ہوتی جارہی ہے۔ جامعہ کوآپریٹیوبینک کے چیئرمین نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے اوران کو سہارا دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم کمیونٹی سطح پراچھا کرنے کی کوشش نہیں کریں گے، تب تک ہماری کوئی قدرنہیں ہوگی، اس لئے ہمیں ملک کیلئے مفید بننا ہے۔
ڈاکٹرمحمد تاج الدین انصاری نے اپنی گفتگومیں کہا کہ ڈاکٹرکلام نے جوعظیم خدمات انجام دی ہیں، اُن سے ہمیں سبق لینا چاہئے، ضروری ہے کہ ہم اپنی گلی، محلوں میں تعلیمی ادارے قائم کریں اوربالخصوص نئی نسل کی بہترتربیت کریں۔ محمد طاہرصدیقی کا کہنا تھا کہ ہمیں سماج سے برائیوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ تبھی ہم ایک خوبصورت اورترقی یافتہ ملک بنا سکتے ہیں۔ محمد محمود خان نے ڈاکٹر کلام کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے فخرکے ساتھ کہا کہ ایک زمین سے جڑے انسان ہندوستان کے اولین شہری بنے اورسائنس کی وجہ سے پوری دنیا میں ہندوستان کا نام اونچا کیا جبکہ ڈاکٹرکلام ایک چھوٹے خاندان سے تعلق رکھتے تھے، لیکن ان کی جہد مسلسل کاوشوں اورشدید محنت کے سبب یہ مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کلام صاحب کی قوم وملت کیلئے عظیم خدمات ناقابل فراموش ہیں، انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔
اس دوران مہمانوں کے ہاتھوں مختلف میدانوں کی نمایاں شخصیات کوشاندارخدمات کے عوض ’وطن کے رتن ایوارڈز2023‘ سے نوازا گیا، جن میں والنٹیئراگینسٹ ہیٹ کے قومی کنوینرڈاکٹر معراج حسین، سپریم کورٹ کی ایڈوکیٹ سپنا دکشت، امرت ویدا کے فاؤنڈرکامل عزیزی سعیدی، ایڈوکیٹ عبیداللہ، محمد فخرامام، سہارا گروپ، روزنامہ سیاسی تقدیرکے ایڈیٹرمحمد مستقیم خان، اجے پانڈے، جاوید اشرف، ندھی اپادھیائے، چودھری اورنگزیب، اظہرالدین، شاداب احمد، شایان اشکار، ڈاکٹرزبیدالرحمان عرف ببن میاں، ایڈوکیٹ نتن ودیگرکے نام شامل ہیں۔ نظامت کے فرائض وطن سماچارکے بانی محمد احمد اورڈاکٹروبھوکماری نے مشترکہ طورپرانجام دیئے۔ پروگرام میں این ڈی ٹی وی کے صحافی سوربھ شکلا، حاجی ظہوراٹیچی والے، امیراحمد راجہ، حافظ غفران نقشبندی، زاہد حسین، سمت دکشت، انجینئر فیروزمظفرسمیت کافی تعداد میں لوگ موجود رہے۔
بھارت ایکسپریس۔