Bharat Express DD Free Dish

Separatist organizations in Jammu and Kashmir: جموں و کشمیر میں اب تک 12 علیحدگی پسند تنظیموں نے حریت کانفرنس چھوڑی، امت شاہ نے کہاخیرمقدم

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے خود کو علیحدگی پسند گروپ آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) سے الگ کر لیا ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا کہ جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے خود کو علیحدگی پسند گروپ آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) سے الگ کر لیا ہے۔ اس اقدام سے اے پی ایچ سی سے الگ ہونے والے اداروں کی کل تعداد 12 ہو گئی ہے۔ اے پی ایچ سی 1993 میں 26 جماعتوں کے ایک گروپ کے طور پر تشکیل دی گئی تھی، جس کا ماننا تھا کہ کشمیر ہندوستان سے الگ ہے۔ تاہم تازہ ترین پیش رفت میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ نے علیحدگی پسندی کو مسترد کر دیا ہے اور ’’بھارت‘‘ کے اتحاد کے لیے اپنی وابستگی کا اعلان کیا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا ’’میں ان کے اس اقدام کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہوں۔ اب تک 12 حریت سے منسلک تنظیمیں علیحدگی پسندی چھوڑ چکی ہیں اور انھوں نے ہندوستان کے آئین پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ امت شاہ کا یہ اعلان اس پیش رفت کے بعد آیا ہے جب تین دیگر گروپس جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے 9 اپریل کو اے پی ایچ سی سے باضابطہ طور پر خود کو الگ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام امت شاہ کے سرینگر کے حالیہ دورے کے بعد بھی سامنے آیا ہے، جہاں انھوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ سیکیورٹی اور ترقیاتی امور پر ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی تھی۔

جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے

اس درمیان جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے علیحدگی پسند سرگرمیوں سے منسلک افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایسے نیٹ ورکس کے خلاف ثبوت اکٹھا کرنے کے لیے حالیہ ہفتوں میں وادی بھر میں کئی چھاپے مارے گئے ہیں۔ 25 مارچ کو جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ (JKPM) اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ (JKDPM) نے بھی علیحدگی پسندی دست برداری کا اعلان کیا تھا۔ دو دن بعد تحریک استقلال اور تحریک استقامت نے بھی حریت سے تعلقات منقطع کر لیے۔

دریں اثنا شاہ نے جموں و کشمیر ماس موومنٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ’’مودی حکومت کے تحت، اتحاد کی روح جموں و کشمیر پر حکمرانی کرتی ہے۔ میں ان کے اس اقدام کا تہہ دل سے خیرمقدم کرتا ہوں۔ اب تک حریت سے منسلک 12 تنظیمیں ہندوستان کے آئین پر اعتماد کرتے ہوئے علیحدگی پسندی سے الگ ہو چکی ہیں۔‘‘

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read