Bharat Express DD Free Dish

IPL 2026: روی بشنوئی کی شاندار اسپن گیندبازی، راجستھان رائلز نے سنسنی خیز مقابلے میں گجرات ٹائٹنز کو 6 رنز سے دی شکست

میچ کے آخری اوورز میں راشد خان اور کگیسو ربادا نے 30 گیندوں میں 43 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم کی، لیکن ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ راشد خان نے 16 گیندوں پر 24 رنز بنائے جبکہ ربادا نے 16 گیندوں میں 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

احمد آباد: آئی پی ایل 2026 کے نویں میچ میں ہفتہ کے روز راجستھان رائلز (آر آر) نے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں گجرات ٹائٹنز (جی ٹی) کو 6 رنز سے شکست دے دی۔ راجستھان کی جانب سے دیے گئے 211 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گجرات کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز ہی بنا سکی۔ یہ اس سیزن میں راجستھان رائلز کی مسلسل دوسری جیت ہے۔

گجرات ٹائٹنز کی جارحانہ شروعات

211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کی شروعات شاندار رہی۔ کمار کشاگر اور سائی سدرشن نے پہلے وکٹ کے لیے 7.6 اوورز میں 78 رنز کی مضبوط شراکت قائم کی۔ کشاگر نے 18 رنز بنائے، جبکہ سدرشن شاندار فارم میں نظر آئے اور انہوں نے 44 گیندوں پر 73 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ اپنی اس اننگز میں انہوں نے 9 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔

جوس بٹلر اچھی شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے اور 14 گیندوں پر 26 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ گلین فلپس صرف 3 رنز بنا سکے جبکہ واشنگٹن سندر 4 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ راہل تیوتیا نے 6 گیندوں پر 12 رنز بنائے جبکہ شاہ رخ خان نے 4 گیندوں میں 11 رنز کی مختصر مگر تیز اننگز کھیلی۔

آخری اوورز میں راشد اور ربادا کی کوشش

میچ کے آخری اوورز میں راشد خان اور کگیسو ربادا نے 30 گیندوں میں 43 رنز کی تیز رفتار شراکت قائم کی، لیکن ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ راشد خان نے 16 گیندوں پر 24 رنز بنائے جبکہ ربادا نے 16 گیندوں میں 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آخری دو اوورز میں جوفرا آرچر اور تشار دیشپانڈے نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے میچ راجستھان کے حق میں کر دیا۔ راجستھان کی جانب سے روی بشنوئی نے 4 اوورز میں 41 رنز دے کر 4 وکٹ حاصل کیے۔ ناندرے برگر اور تشار دیشپانڈے نے ایک ایک وکٹ حاصل کے۔

راجستھان رائلز کی مضبوط بیٹنگ

اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری راجستھان رائلز کی شروعات بھی زبردست رہی۔ یشسوی جیسوال اور ویبھو سوریہ ونشی نے پہلے وکٹ کے لیے 6.2 اوورز میں 70 رنز جوڑے۔ ویبھو نے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

یشسوی جیسوال نے 36 گیندوں پر 55 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آنے والے دھرو جوریل نے 42 گیندوں میں 75 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 5 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

جوریل اور جیسوال کی اہم شراکت

جوریل اور جیسوال نے دوسرے وکٹ کے لیے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ شمرون ہیٹمائر نے 8 گیندوں میں 18 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تاہم کپتان ریان پراگ صرف 8 رنز بنا سکے جبکہ رویندر جڈیجہ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان شاندار اننگز کی بدولت راجستھان رائلز نے 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 210 رنز کا مضبوط اسکور کھڑا کیا۔ گجرات ٹائٹنز کی جانب سے کگیسو ربادا نے سب سے زیادہ 2 وکٹ حاصل کیے۔ یہ راجستھان رائلز کی مسلسل دوسری جیت رہی جبکہ گجرات ٹائٹنز کو اس سیزن میں لگاتار دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read