سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہندوستان سے قبل پاکستان کا دورہ کریں گے۔
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے دورہ ہندوستان سے قبل پاکستان کا دورہ کریں گے۔ تاہم ان کا دورہ پاکستان چند گھنٹوں کا ہوگا۔ پاکستان کے لاہور سے شائع ہونے والے روزنامہ دی نیشن کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 10 ستمبرکو پاکستان پہنچ سکتے ہیں۔ ان کا اسلام آباد کا دورہ بہت مختصرہوگا۔ رپورٹ کے مطابق یہ سفر4 سے 6 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق 10 ستمبرکو اسلام آباد آنے کے بعد وہ ہندوستان کے دورے کا آغاز کریں گے۔ نیٹ ورک 18 کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اپنے دورہ پاکستان کے دوران ملک کے نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ اورچیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیرسے ملاقات کریں گے، جس کے بعد سعودی شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان سے نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد آرمی چیف سے ملاقات کرنا ہے، جواس وقت پردے کے پیچھے سے ملک کی باگ ڈورسنبھال رہے ہیں۔ ان کے دورے پرماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے یہ محض ایک متوازن عمل ہے۔ وہ ہندوستان کے دورے سے پہلے پاکستان جا کر توازن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
محمد بن سلمان سرمایہ کاری کے مقصد سے جا رہے ہیں پاکستان
دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ جب پاکستان میں نگراں حکومت ملک چلا رہی ہے توپھرمحمد بن سلمان کے پاکستان جانے کا کوئی زیادہ مطلب نہیں ہے۔ حالانکہ یہ بھی قیاس آرائی کی جا رہی ہے کہ وہ سرمایہ کاری کے سلسلے میں پاکستان جا رہے ہیں۔ جبکہ اصل وجہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ’’خیر سگالی‘‘ برقرار رکھنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات نے حال ہی میں معاشی غربت سے نبردآزما پاکستان کو اربوں ڈالر دیئے، جس سے آئی ایم ایف سے قرض کا راستہ صاف ہوگیا۔
جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے ہندوستان آئیں گے ولی عہد
قابل ذکر ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان رواں ماہ جی-20 سربراہی اجلاس کی مناسبت سےہندوستان کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔ یہ سربراہی اجلاس 9 اور10 ستمبرکو ہوگا۔ ساتھ ہی ولی عہد کا سرکاری دورہ 11 ستمبرکو ہوگا۔ محمد بن سلمان کے لئے ہندوستان کا یہ دورہ اس لئے بھی اہم ہے کہ اس دوران انھیں حکومت ہند کی جانب سے اعلیٰ ترین اعزازدیا جائے گا، جس میں نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں گارڈ آف آنربھی شامل ہے۔
پاکستان کے تئیں اظہارتشکرپیش کرنا چاہتے ہیں شہزادہ
رپورٹ کے مطابق محمد بن سلمان اظہارتشکرکے لئے پاکستان جانا چاہتے ہیں کیونکہ پاکستان نے گوادرریفائنری پروجیکٹ کے کاروبارکا بڑا حصہ سعودی عرب کے حوالے کردیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کے رہنما کا اس وقت پاکستان کا دورہ کرنا اس لئے بھی ضروری ہے تاکہ انہیں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آپ کو بتادیں کہ مذکورہ بالا تمام میڈیا رپورٹس قیاس آرائیاں ہیں۔ محمد بن سلمان کے پاکستان جانے کا اصل مقصد کیا ہے، اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔