امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ (فائل فوٹو)
سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ مشکلات میں گھر گئے ہیں۔ پورن اسٹار معاملے میں جیوری نے جانچ کے بعد مجرمانہ معاملہ چلانے کو منظوری دے دی ہے۔ امریکہ میں صدر عہدے کی انتخابی تشہیر مہم کے دوران 2016 میں ایک پورن اسٹار کو خاموش رہنے کے لئے رقم دینے کے معاملے میں مین ہٹن گرینڈ جوری نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف فرد جرم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی کے ساتھ ٹرمپ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے ملک کے پہلے صدر بن گئے ہیں۔ یہی نہیں، فیصلے سے 2024 میں پھر سے صدر بننے کی ان کی امیدوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ معاملے کی جانچ کر رہے مین ہٹن ضلع اٹارنی ایلون بریگ کے دفتر نے تصدیق کی کہ اس نے غیرمتعینہ الزامات پرٹرمپ کی ’’خود سپردگی کے لئے کوآرڈی نیشن‘‘ بنانے کے ارادے سے جمعرات کو ان کے وکیلوں سے رابطہ کیا تھا۔
سابق صدرکے اٹارنی سے کیا رابطہ
بریگ کے ترجمان نے بتایا کہ استغاثہ کے متعلق مین ہٹن کے ضلع اٹارنی کے دفتر میں ٹرمپ کی خود سپردگی سے متعلق کوآرڈی نیشن بنانے کے لئے سابق صدر کےاٹارنی سے رابطہ کیا گیا ہے اور سماعت کی تاریخ طے ہونے کے بعد آگے کی جانکاری دی جائے گی۔ ’دی نیو یارک ٹائمس‘ کی خبر کے مطابق، اس معاملے کی جانکاری رکھنے والے پانچ افسران نے بتایا کہ گرینیڈ جوری نے ایک پورن اسٹار کو مبینہ تعلقات کو لے کر خاموش رہنے کے لئے رقم دینے کے معاملے میں 76 سالہ ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف معاملہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مجرمانہ الزامات کا سامنا
خبر میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ’’ایک تاریخی فیصلہ ہے، جو 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے عمل کو ہلا کر رکھ دے گا۔ ٹرمپ ملک کے پہلے ایسے صدر بن گئے ہیں، جو مجرمانہ الزامات کا سامنا کریں گے۔‘‘ ڈونالڈ ٹرمپ نے 2017 سے 2021 تک امریکہ کے 45ویں صدر کے طور پراپنی خدمات انجام دی تھیں۔ اس معاملے کی جانکاری رکھنے والے دو ذرائع نے ’’سی بی ایس نیوز‘‘ کو بتایا کہ ایسا امکان ہے کہ ٹرمپ فلوریڈا سے پیر کو نیویارک آئیں گے اور منگل کوعدالت میں پیش ہوں گے۔
“سیاسی ہراسانی اورانتخابی مداخلت کی کوشش”
سماعت مختصر ہونے کا امکان ہے، جس میں ان کے خلاف الزامات پڑھ کر سنائے جائیں گے۔ ٹرمپ نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ انہوں نے فرد جرم کو “سیاسی ہراسانی اور الیکشن میں مداخلت کی کوشش” قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنماؤں پر”اپنے سیاسی حریفوں کو سزا دینے کے لئے عدالتی نظام کو بطور ہتھیاراستعمال کرنے” کا بھی الزام لگایا ہے۔ انہوں نے مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی پرالزام لگایا کہ وہ “(امریکی) صدرجوبائیڈن کا گھناؤنا کام کر رہے ہیں۔”
-بھارت ایکسپریس